کوئی دشمن ہے نہ فیورٹ ‘ ملک کو بہترین انتخابات دیں گے: الیکشن کمشن
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ +نوائے وقت نیوز + آئی این پی) ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمشن افضل خان نے کہا ہے کہ جعلی ووٹ ڈالنے والوں کو جیل ہو گی امن و امان کی صورتحال خراب کرنے والا امیدوار ہارا ہوا تصور ہو گا اور اس کے خلاف کارروائی ہو گی۔ اسلحہ، پیسہ اور سرکاری اہلکاروں کی مداخلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا، میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمشن کا کوئی فیورٹ یا دشمن نہیں ملک کو بہترین انتخابات دیں گے ملک میں پہلی بار 500 مانیٹرنگ ٹیمیں انتخابی مہم کا جائزہ لیں گی۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے امیدوار کو طلب کیا جائے گا اور نااہل قرار دیا جائے گا۔ انتخابی عملے کے لئے 127 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ عام انتخابات میں پولنگ کا عملہ سات لاکھ افراد پر مشتمل ہو گا۔ سیکرٹری الیکشن کمشن اشتیاق احمد خان نے کہا ہے کہ بلوچستان کی تمام سیاسی جماعتوں نے الیکشن میں حصہ لینے کی یقین دہانی کرادی ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اگر انتخابات سے متعلق کسی جماعت کو تحفظات ہیں تو ہم دور کرینگے، یہ تاریخی کامیابی ہے۔ یہ غلط تاثر ہے کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال بہت خراب ہے۔ جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ طلال اکبر بگٹی سے بات چیت مثبت رہی۔ الیکشن میں حصہ لینے پر آمادہ ہوگئے۔ طلال بگٹی کے تحفظات صوبائی اور وفاقی حکومت کو بھجوائے جا رہے ہیں۔ الیکشن کمشن کے ہدایت نامہ میں کہا گیا ہے کہ انتخابی مہم کے دوران امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کی تمام تر ذمہ داری ڈسٹرکٹ پولیس افسران کی ہو گی۔ قیام امن کےلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرنا ان کی اولین ترجیح ہونی چاہئے۔ اسلحہ کی نمائش روکنے کےلئے لائحہ عمل مرتب کیا جائے اور اس پابندی پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے ہر طرح کے اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔ امن و امان کو کنٹرول کرنے کےلئے بوقت ضرورت رینجرز، فوج سمیت دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو بھی طلب کیا جا سکتا ہے۔