پیپلز پارٹی سندھ میں ٹکٹوں کی تقسیم پر اختلافات‘ خورشید شاہ سمیت کئی رہنما ناراض
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سندھ میں ٹکٹوں کی تقسیم پر پیپلز پارٹی کے بہت سے رہنما ناراض ہو گئے۔ ٹنڈو جام‘ جامشورو‘ تھرپارکر‘ ٹھٹھہ میں ٹکٹوں کی تقسیم پر اختلافات پائے جاتے ہیں۔ شرجیل میمن کو ٹکٹ دینے پر شاہ برادری ناراض ہو گئی۔ جامشورو میں نواب عبدالغنی تالپور ایسے ناراض ہوئے کہ پارٹی عہدے سے ہی استعفےٰ دے دیا۔ نواب غنی تالپور ٹنڈو محمد خان اور میرپور خاص سے الیکشن لڑنے کے خواہشمند تھے۔ خورشید شاہ بھی پارلیمانی بورڈ کے اجلاس سے اٹھ کر چلے گئے۔ این اے 221 قاسم آباد پر زاہد علی بھرگڑی کو ٹکٹ ملنے پر امیر علی شاہ جاموٹ ناراض ہو گئے۔ مٹیاری میں امین فہیم اور 2 بیٹوں کو ٹکٹ دیئے جانے پر کارکنوں نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی ارکان نے صدر زرداری کو شکایات کے انبار لگا دیئے۔ دریں اثنا صدر آصف علی زرداری نے سندھ میں پیپلز پارٹی کی ٹکٹوں کی تقسیم روک دی۔ وقت نیوز کے مطابق صدر زرداری نے ٹکٹوں کی تقسیم پر شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے تقسیم روکی اور پارلیمانی بورڈ سے ٹکٹوں کی تفصیلات طلب کر لیں۔ صدر زرداری ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق اہم فیصلے کریں گے۔ پی پی نے سندھ میں افسران کے تقرر و تبادلوں پر تحفظات کا اظہار کیا۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ تقرریاں اور تبادلے الیکشن کمشن کے قواعد کے خلاف ہیں۔