نواز شریف کی طرف سے گوجرانوالہ کے 3، کمالیہ کے ایک حلقہ سے کاغذات نامزدگی حاصل کر لئے گئے، سرگودھا میں جمع کرائے گئے
لاہور + گوجرانوالہ (نامہ نگاران + نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد نوازشریف قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 94 کمالیہ سے بھی الیکشن لڑینگے۔ پارٹی صدر میاں نوازشریف کے کاغذات نامزدگی مسلم لیگی رہنما سابق وزیر مملکت چودھری اسد الرحمن نے ریٹرننگ آفیسر سے حاصل کئے۔ دریں اثناءمیاں نوازشریف کے این اے 68سرگودھا سے بھی کاغذات نامزدگی داخل کرا دئیے جس کے بعد ان کا مقابلہ پی پی کے سید نصرت شاہ اور تحریک انصاف کے نور حیات کلیار سے ہو گا۔ آئی این پی کے مطابق محمد نوازشریف نے لاہور کے حلقہ این اے 119سے الیکشن لڑنے کیلئے کاغذات نامزدگی حاصل کر لئے۔ علاوہ ازیں نواز شریف کی طرف سے گوجرانوالہ کے تین حلقوں سے الیکشن لڑنے کیلئے کاغذات نامزدگی وصول کئے گئے، کارکنوں نے جشن مناتے ہوئے نوافل بھی ادا کئے۔ نواز شریف کی ہدایت پر (ن) لیگ کے سٹی عہدیدار ناصر کھوکھر نے قومی اسمبلی حلقہ این اے 95، 98 اور 100 سے کاغذات نامزدگی حاصل کرلئے ہیں۔ اس سلسلے میں ناصر کھوکھر نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نواز شریف کی ہدایت پر تینوں حلقوں سے کاغذات نامزدگی حاصل کرلئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں نواز شریف کی اہلےہ بیگم کلثوم نواز کے کزن سابق یوسی ناظم محمد حمزہ بٹ نے بھی آزاد امیدوار کی حیثیت سے حلقہ پی پی 94 سے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروادیئے ہیں۔
نواز شریف کاغذات