• news

قلعہ دیدار سنگھ میں مخالفین کی فائرنگ ‘ جماعت اسلامی کے امیدوار بلال قدرت بٹ زخمی

قلعہ دیدار سنگھ+ لاہور (نامہ نگار+ خصوصی رپورٹر) قلعہ دیدار سنگھ میں این اے 98سے امیر جماعت اسلامی کے امیدوار اور امیر جماعت اسلامی گوجرانوالہ بلال قدرت بٹ مخالفین کی فائرنگ سے شدید زخمی ہو گئے۔ گولیاں ان کی ٹانگ اور کمر پر لگیں پارٹی ورکروں نے واقعہ کے خلاف جلوس نکالا اور روڈ بلاک کر دی جبکہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی نے فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ضلعی امیر جماعت اسلامی و امیدوار قومی اسمبلی این اے 98بلال قدرت بٹ گذشتہ روز نماز کی ادائیگی کے بعد الیکشن کمپین کے سلسلہ میں محلہ دارالسلام گئے تھے ملزمان نے گاڑی روک کر کہا تم ہمارے مخالفین ملزمان کی حمایت کرتے ہو اور اس کے بعد شدید فائرنگ کر دی جس سے بلال قدرت بٹ شدید زخمی ہو گئے۔ زخمی حالت میں سول ہسپتال گوجرانوالہ پہنچایا گیا جبکہ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ تاہم ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ دوسری طرف شباب ملی ٹاﺅن قلعہ دیدار سنگھ کے کارکنان مشتعل ہو گئے۔ قلعہ دیدار سنگھ لاری اڈہ پر ٹائر جلا کر روڈ بلاک کر کے شدید نعرے بازی کی۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے سیاسی مخالفین نے انتخابی کمپین کے سلسلے میں ووٹروں سے ملنے کیلئے جانے والے ضلعی امیر جماعت اسلامی و امیدوار این اے 98، ضلعی نائب امیر، کارکن اور راہ گیر کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔ کارکنوں کی شدید نعرے بازی۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی بھاری نفری ہسپتال پہنچ گئی۔ بتایا گیا ہے کہ جماعت اسلامی کے ضلعی امیر بلال قدرت بٹ جوکہ این اے 98 سے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں وہ گزشتہ روز قلعہ دیدار سنگھ میں واقع مسجد سے نماز پرھنے کے بعد انتخابی کمپین کے سلسلے میں ووٹروں اور اپنے سپورٹران سے ملاقات کرنے کیلئے ضلعی نائب امیر صدیق احسن بٹ اور دیگر ساتھیوں کے ہمراہ گاڑیوں میں سوار ہو کر جارہے تھے کہ گلہ مسجد فاروقیہ والا کے قریب ان کی گاڑیوں کے سامنے مسلح افراد آگئے جنہوں نے ان سے تلخ کلامی کے بعد انہیں وہاں سے واپس جانے کو کہا ضلعی امیر جماعت اسلامی جونہی اپنے ساتھیوں کے ہمراہ واپس گاڑیوں میں بیٹھنے کیلئے جانے لگے تو مسلح افراد نے ان پر اندھادھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں بلال قدرت بٹ، صدیق احسن بٹ، کارکن اکرم اور راہ گیر زخمی ہوگیا جنہیں فوری طور پر طبی امداد کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال لایا گیا۔ ڈی سی او نجم احمد شاہ، سی پی او عبدالرزاق چیمہ بھی پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ پہنچ گئے۔ صدیق بٹ کا کہنا تھا کہ سیاسی مخالفین کے افراد نے ان پر فائرنگ کی ہے جنہیں وہ جانتے ہیں اور وقت آنے پر ان کا نام سامنے لے آئیں گے۔ جبکہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی نے بلال قدرت بٹ پر ہونے والے حملے سے متعلق پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے اور انہوں نے فون کرکے ضلعی امیر جماعت اسلامی کی خیریت بھی دریافت کی۔ علاوہ ازیں نگران وزیر اعلیٰ نے پولیس حکام سے واقعہ کی فوری رپورٹ طلب کر لی ہے ۔انہوں نے ہدایت کی ہے کہ فائرنگ کے واقعہ میں ملوث افراد کو فی الفور گرفتار کیاجائے۔ علاوہ ازیں جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن اور سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے واقعہ کی مذمت کی ہے اور کہا کہ الیکشن میں تشدد کا عنصر انتہائی نامناسب ہے جس کی جتنی مذمت کم ہے۔ حملہ کے خلاف قلعہ دیدار سنگھ میں تمام کاروباری مراکز احتجاجاً بند رہیں گے۔ علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر اور سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ نے بھی بلال قدرت بٹ پر قاتلانہ حملہ کی پرزور مذمت کرتے ہوئے اپنے شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ دریں اثناءسیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ نے ہسپتال میں بلال قدرت بٹ کی عےادت کی۔
بلال قدرت بٹ

ای پیپر-دی نیشن