• news
  • image

شریف برادران سے اعجاز الحق کی ملقاات‘ سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر مذاکرات بے نتیجہ

لاہور (فرخ سعید خواجہ) ض لیگ کے صدر محمد اعجاز الحق کی مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے الیکشن میں سیٹ ایڈجسمنٹ کے حوالے سے ملاقات بے نتیجہ رہی۔ اعجاز الحق نے چودھری ذوالفقار احمد کے ساتھ رائے ونڈ میں نوازشریف، شہبازشریف سے ملاقات کی۔ اعجاز الحق نے انہیں بتایا کہ وہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 190بہاولنگر تھری اور این اے 191بہاولنگر فور سے امیدوار ہیں اور توقع رکھتے ہیںکہ مسلم لیگ (ن) اور ضیا لیگ میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے نتیجے میں بہتر نتائج نکلیں گے۔ انہوں نے اپنی جماعت کے قومی اور صوبائی اسمبلی کے 6دیگر امیدواروں کی فہرست بھی پیش کی جنہیں وہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے ذریعے اکاموڈیٹ کروانا چاہتے تھے لیکن ان کے مذاکرات نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوئے۔ ملاقات کے بعد اعجاز الحق نے میڈیا سے گفتگو میں کہاکہ وہ مسلم لیگی دھڑوں کے اتحاد کے لئے ملے تھے اور سمجھتے ہیں کہ مسلم لیگی دھڑے مل کر الیکشن لڑیں تو نہ صرف مسلم لیگ بلکہ ملک کے لئے بھی بہتر ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ نوازشریف، شہبازشریف نے مثبت روئیے کا اظہار کیا ہے تاہم ضیاءلیگ کے سیکرٹری جنرل چودھری ذوالفقار احمد نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کو ہمارے خلاف الیکشن لڑنے کا حق حاصل ہے۔ پہلے بھی وہ اعجاز الحق کے خلاف الیکشن لڑ چکے ہیں۔ اب بھی وہ اپنا شوق پورا کر لیں ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے۔ ادھر نوازشریف نے جمعہ کا پورا دن رائے ونڈ میں گزارا۔ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی پارلیمانی بورڈ کے ممبران جمعرات کی شب اپنے اپنے حلقہ ہائے انتخاب چلے گئے تھے تاکہ کاغذات نامزدگی داخل کروا سکیں۔ نوازشریف اور شہبازشریف نے نماز جمعہ ادا کی اور آپس میں تبادلہ خیال کرتے رہے۔ شہبازشریف نے دن میں شریف میڈیکل سٹی میں اپنی صاحبزادی عائشہ کی جانب سے تقریب میں شرکت کی اور مسلم لیگ (ن) اوورسیز کے سیکرٹری جنرل شیخ قیصر کے عشائیے میں شرکت کی۔
نواز/ اعجاز ملاقات

epaper

ای پیپر-دی نیشن