شیخ رشید کا لاہور سے شہباز شریف کیخلاف الیکشن لڑنے کا اعلان
لاہور (آئی این پی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے لاہور میں شہباز شریف کے خلاف انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں لاہور کے ہر چوک میں ”گڈو، پپو“ کو قوم کے سامنے بے نقاب کرونگا، نواز شریف آرٹیفیشل لیڈر ہیں پرویز مشرف ملک میں آ چکا ہے اب اس کے خلاف عدالت میں کیوں نہیں جاتے، ہو سکتا ہے کہ آئندہ انتخابات کسی کو اقتدار میں لانے کی بجائے جیل میں لے جائیں، چیف الیکشن کمش کو دو آدمی ”پکڑ“ کر گاڑی میں بٹھاتے ہیں، وزیراعظم کی عمر بھی سب کے سامنے ہے، ملک میں شفاف انتخابات کی باتیں بکواس ہیں، جب ڈی سی او، ڈی پی او اور ایس ایچ او وہیں ہیں تو دھاندلی نہیں تو اور کیا ہو گا، مشرف کو ملک چھوڑ کر جانے کی بجائے جیل میں جانا چاہئے، بدقسمتی سے انگریزوں کے کتے نہلانے والے آج ہمارے لیڈر بنے ہوئے ہیں، عمران خان نے 10 دس سیٹوں پر ایڈجسٹمنٹ کیلئے ”دعائے خیر“ کی اب صرف ایک سیٹ پر ایڈجسٹمنٹ ہوئی ہے، میں اب بھی اس بات پر قائم ہوں کہ آئندہ انتخابات خونیں ہوں گے۔ گزشتہ روز اپنے ایک انٹرویو کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ شہباز شریف اگر میرے خلاف راولپنڈی سے الیکشن لڑیں گے تو میں بھی لاہور میں ان کے خلاف الیکشن لڑوں گا چاہے اس کا نتیجہ کچھ بھی ہو اور میں ننگے پاﺅں لاہور میں انتخابی مہم چلا کر مسلم لیگ (ن) کے گڈو اور پپو کو بے نقاب کروں گا۔ مسلم لیگ والے پرویز مشرف کے خلاف بڑی باتیں کرتے تھے اب مشرف پاکستان میں ہیں اس کے خلاف عدالت میں کیوں نہیں جاتے۔ اگر راجہ پرویز اشرف الیکشن لڑنے کا اہل ہے تو پھر پاکستان میں ہر چور، ڈاکو اور لٹیرا بھی انتخابات میں حصہ لے سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے انتہائی چالاکی کے ساتھ پانچ سال تک شریف برادران کو فوج کا ڈر دے کر بیوقوف بنایا۔
شیخ رشید