مردان: کائلنگ بازار میں خودکش دھماکہ ‘ ایس ایچ او جاں بحق ‘2 حملہ آور مارے گئے
مردان/پشاور(آن لائن+ ثناءنیوز) مردان کے علاقے کاٹلنگ میں خودکش دھماکے میں ایس ایچ او جاں بحق جبکہ 5 افراد زخمی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کو شک ہوا کہ مردان سے 35 کلومےٹر دور کاٹلنگ بازار میں خودکش حملہ آور موجود ہے۔اس دوران مقامی ایس ایچ او کی قیادت میں پولیس نے کارروائی کی ‘ جب پولیس اہلکارمشکوک شخص کو پکڑنے کیلئے آگے بڑھے تو ان میں سے ایک خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکہ سے اڑادیا جس کے نتیجے میں ایس ایچ او‘ ایک راہگیر سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا جن میں سے بعد میں ایس ایچ او خوشدل خان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ عینی شاہدین نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ دھماکہ خودکش تھا ۔ ادھر ڈی آئی جی مردان محمد جعفر خان نے بھی خودکش دھماکے کی تصدیق کردی ہے۔ دھماکے بعد پولیس نے مشتبہ افراد کی تلاش کیلئے علاقے میں ناکہ بندی کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا۔ ڈی آئی جی مردان کے مطابق خودکش حملہ آوروں میں سے ایک حملہ آور قریبی مکان میں چھپ گیا‘ حملہ آور کو گرفتار کرنے کیلئے پولیس نے مکان کو گھیرے میں لے لیا۔ اس دوران پولیس اور حملہ آور کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا جس میں دوسرا حملہ آور مارا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ حملہ آوروں کی تعداد دو تھی دونوں ہی مارے گئے۔ علاوہ ازیں پشاور میں غیر سرکاری تنظیم کے دفتر کے باہر دھماکہ ہوا جس سے دفتر کو معمولی نقصان پہنچا۔ پولیس حکام نے میڈیا کو بتایا کہ حیات فیز ون میں ایک غیر سرکاری تنظیم کے دفتر کے باہر دھماکہ ہوا۔ دھماکہ کے نتیجے میں این جی او کے دفتر کو معمولی نقصان پہنچا۔ دھماکے کے بعد پولیس نے تفتیش شروع کردی۔