• news

مشرف کا نام ای سی ایل میں شامل ‘ کسی بھی ائرپورٹ سے باہر نہیں جا سکتے: ایف آئی اے حکام

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز + ایجنسیاں) وزارت داخلہ نے سابق صدر پرویز مشرف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے کہا ہے کہ انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت نہ دی جائے۔ واضح رہے کہ سندھ ہائیکورٹ نے جمعہ کو تین مقدمات میں پرویز مشرف کی حفاظتی ضمانتوں میں توسیع کی تھی اور ساتھ ہی انہیں بلااجازت ملک سے باہر جانے سے روک دیا تھا۔ وزارت داخلہ کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ ایف آئی اے کے حکام کو آگاہ کر دیا گیا ہے کہ وہ امیگریشن حکام کو ہدایات جاری کر دیں۔ دوسری جانب ایف آئی اے حکام نے ہدایت جا ری کی ہیں کہ سابق صدر پرویز مشرف کو بیرون ملک نہ جانے دیا جائے۔ جا ری کئے گئے ہدایت نامہ کے مطابق پرویز مشرف ملک کے کسی بھی ایئرپورٹ سے بیرون ملک نہیں جا سکتے۔ ایف آئی اے حکام نے امیگریشن حکام کو باقاعدہ تحریری طور پر ہدایات جاری کی ہیں۔ وزارت داخلہ نے پرویز مشرف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کے بعد ایف آئی اے کو تحریری طور پر ہدایات جاری کی تھیں جس کے مطابق سابق صدر عدالتی اجازت کے بغیر ملک سے باہر نہیں جا سکتے۔ سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کی کاپیاں تمام ایئرپورٹ حکام کو بھجوا دی گئی ہیں۔ پرویز مشرف ملک کے کسی بھی ایئرپورٹ سے باہر نہیں جا سکتے۔ ایف آئی اے کے ذرائع کے مطابق مشرف کا فارم ہاﺅس سیل شدہ ہے اگر انہوں نے وہاں رہائش اختیار کی تو ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن