• news

کراچی میں نئی حلقہ بندیوں کے خلاف ایم کیو ایم نے اقوام متحدہ میں یادداشت جمع کرا دی

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) کراچی میں نئی حلقہ بندیوں کے خلاف ایم کیو ایم نے اقوام متحدہ سیکرٹریٹ میں یادداشت جمع کرا دی ہے۔ یہ یادداشت ایم کیو ایم امریکہ میں سنٹرل آرگنائزر جنید فہمی نے جمع کرائی۔ یادداشت میں کہا گیا ہے کہ ایم کیو ایم کو دبانے کیلئے غیر آئینی ہتھیاروں کا سہارا لیا جا رہا ہے۔ متن میں کہا گیا ہے کہ نئی حلقہ بندیاں ایم کیو ایم کا مینڈیٹ چرانے کی سازش ہے۔ غیر جانبدارانہ انتخابات کیلئے اقوام متحدہ اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے۔ مردم شماری کے بغیر حلقہ بندیاں آئین کی خلاف ورزی ہے۔یادداشت میں کہا گیا ہے کہ ایک بار پھر پاکستان میں غریب اور متوسط طبقے کی نمائندہ لبرل، پروگریسو اور جمہوری جماعت ایم کیو ایم کو دبانے کے لئے غیرآئینی اور غیرقانونی ہتھکنڈوں کا سہارا لیا جا رہا ہے۔ یادداشت میں آئین کی مختلف شقوں کا حوالہ دے کر مردم شماری کے بغیر نئی حلقہ بندیوں کو آئین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔ الیکشن کمشن کی جانب سے انتخابات کے اعلان کے بعد صرف کراچی شہر میں حلقہ بندیوں کے فیصلے کو سراسر بدنیتی اور ایم کیو ایم کے ووٹ بینک کو تقسیم کرنے کی کوششوں کا تسلسل بتایا گیا ہے۔ ایم کیو ایم امریکہ کے سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی نے اقوام متحدہ کے دفتر کے باہر جمع ہونے والے ایم کیو ایم کے کارکنوں سے مختصر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم کسی صورت نئی حلقہ بندیوں کو قبول نہیں کریں گے، قومی و بین الاقوامی فورمز پر احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن