• news

سندھ میں شفاف الیکشن نظر نہیں آ رہے، مشرف سے ضرور ملوں گا: پگاڑا

کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیرپگاڑا نے کہا ہے پرویز مشرف سے ملاقات نہیں ہوئی تاہم ان سے ضرور ملاقات کروں گا۔ اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا سیاست کی وجہ سے صدر زرداری سے دوری ہے، زرداری دوست تھے اور رہیں گے۔ انہوں نے کہا ارباب غلام رحیم کو جس نے آزمایا ہو گا ان کو ہی معلوم ہو گا کہ وہ کیسے ہیں۔ ثناءنیوز کے مطابق انہوں نے کہا پیپلزپارٹی جیتنے والے امیدواروں کو شامل کرنے میں مصروف ہے، ہمیں نگراں وزیراعلیٰ اور کابینہ پر اعتماد نہیں۔ پیر صاحب پگاڑا سے مسلم لیگ (ن) کے رہنما سردار عبدالرحیم نے ملاقات کی اور انہوں نے باقاعدہ مسلم لیگ فنکشنل میں شمولیت کا اعلان کیا۔ پیرپگاڑا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا پیپلزپارٹی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو رہی ہے اور لوگ اُسے چھوڑ کر دوسری جماعتوں میں جارہے ہیں۔انہوں نے کہا سندھ میں صاف و شفاف انتخابات نظر نہیں آ رہے۔ این این آئی کے مطابق پیر پگاڑا نے کہا انتخابات کے نتائج ہم تسلیم کریں یا نہ کریں لیکن حصہ ضرور لیں گے۔ پیپلز پارٹی سے پیسے سے نہیں بلکہ عوام کی طاقت سے انتخابات میں مقابلہ کریں گے۔ پیپلز پارٹی میں توڑ پھوڑ شروع ہوچکی ہے اور اب وہ اس کو کنٹرول بھی نہیں کرسکتے۔ پرویز مشرف کو پہلے بھی ملک واپس نہ آنے کا مشور دیا تھا لیکن وہ اب آگئے ہیں لیکن ان کی سیاست کی گاڑی آگے چلتے نظر نہیں آتی۔

ای پیپر-دی نیشن