وفاقی سیکرٹری تعلیم قمر زمان نے چیف سیکرٹری پنجاب بننے سے معذرت کر لی
لاہور (نوائے وقت نیوز + ایجنسیاں) وفاقی سیکرٹری تعلیم میجر (ر) قمر زمان چودھری نے چیف سیکرٹری پنجاب بننے سے معذرت کر لی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ سمجھتا ہوں کہ مجھ سے بہتر کوئی شخص یہ عہدہ سنبھال سکتا ہے کیونکہ انتخابات کے دوران 2 ماہ انتہائی اہم ہیں۔ قمر زمان چودھری جنرل ضیاءالحق کے دور حکومت میں ان کے اے ڈی سی رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کی حکومت میں سیکرٹری داخلہ رہے۔قمر زمان اس وقت وفاقی سیکرٹری تعلیم کے عہدے پر فائز ہیں۔ الیکشن کمشن نے قمر زمان چودھری کو چیف سیکرٹری پنجاب مقرر کرنے کی سفارش کی تھی۔ قمر زمان چودھری کو نوازشریف اور شہباز شریف کا قریبی بھی سمجھا جاتا ہے۔ انہیں گریڈ 20 کے افسر ہوتے ہوئے گریڈ 22 کے 3 عہدوں پر تعینات کیا گیا تھا۔ آئی این پی، اے پی اے نے نجی ٹی وی کے حوالے سے بتایا ہے چیف سیکرٹری کی نامزدگی کے معاملے پر نگران وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو اور نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی کے درمیان اختلافات سامنے آئے ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ نگران وزیراعظم نے انہیں چیف سیکرٹری کی نامزدگی پر اعتماد میں نہیں لیا۔ ان رپورٹس کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب کے لئے جاوید اقبال اور شاہد رشید کے نام زیر غور ہیں۔