ٹینس ٹیم کی آج میانمار روانگی‘ نیوزی لینڈ کو ڈیوس کپ ٹائی میں شکست دینگے : عقیل خان
لاہور+اسلام آباد (کامرس رپورٹر+نیوز ایجنسیاں) قومی 6 رکنی ٹینس ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف ڈیوس کپ ٹائی کے دوسرے مرحلے میں شرکت کیلئے آج اسلام آباد سے میانمار روانہ ہو گی۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ڈیوس کپ ٹائی کا دوسرا مرحلہ 5 سے 7 اپریل تک کھیلا جائے گا۔ پاکستان ایونٹ کی نیوٹرل مقام پر پہلی بار میزبانی کر رہا ہے۔ ڈیوس کپ ٹائی کے دوسرے مرحلے میں شرکت کیلئے چار کھلاڑی اور دو آفیشلز جائیں گے۔ کھلاڑیوں میں اعصام الحق قریشی، عقیل خان، یاسرخان اور محمد عابد جبکہ آفیشلز میں محمد خالد کوچ اور اویس ضیاء ڈاکٹر اور سپیشل ٹرینر کے فرائض انجام دیںگے۔ حکام کے مطابق ایونٹ کی تیاری کیلئے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ لاہور میں جاری ہے جس میں کھلاڑی سخت محنت کر رہے ہیں۔قومی ٹینس سٹار اور پاکستانی نمبر ون عقیل خان نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ڈیوس کپ ٹائی میں قومی ٹیم شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر کے کامیابی حاصل کریگی۔ اعصام الحق کی میامی میں فائنل تک رسائی خوش آٰئند ہے ۔ گراس کورٹ پر اعصام الحق اور انکی کارکردگی ہمیشہ سے اچھی رہی ہے، میانمار میں ہونے والے ڈیوس کپ ٹائی میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے کامیابی حاصل کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی بار 2010ءمیں ڈیوس کپ ٹائی میں نیوزی لینڈ کے خلاف شکست ہوئی تھی تاہم اس بار صورتحال مختلف ہوگی۔