جعلی ڈگری‘ جمشید دستی یکم اپریل کو عدالت طلب ‘سیشن جج مظفرگڑھ روزانہ سماعت کر کے 3 اپریل تک فیصلہ کریں گے
مظفرگڑھ (نامہ نگار) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مظفرگڑھ عبدالرحمان خان نے ریجنل الیکشن کمشن ملتان اشفاق سرور کی طرف سے سابق ایم این اے جمشید دستی کے خلاف جعلی ڈگری کے الزام میں دائر استغاثہ سماعت کیلئے منظور کر کے جمشید احمد خان دستی کو یکم اپریل کیلئے طلب کر لیا ہے اس مقصد کیلئے ان کے وارنٹ گرفتاری ضمانتی 50 ہزار روپے جاری کئے گئے ہیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ عدالت عظمیٰ کے حکم پر فاضل جج اس کیس کی روزانہ سماعت کر کے 3 اپریل تک فیصلہ کریں گے۔ اطلاعات کے مطابق کیس کی پیشی پڑنے اور ریجنل الیکشن کمشنر اور ان کے وکیل کے جانے کے بعد جمشید احمد دستی عدالت میں پہنچ گئے اور فاضل جج سے حاضری لگا کر کیس کی سماعت کرنے کی استدعا کی تاہم فاضل جج نے انہیں بتایا چونکہ وہ کیس کی پیشی ڈال چکے ہیں اور مدعی فریق بھی عدالت سے جا چکا ہے اس لئے وہ پیر یکم اپریل کو ہی حاضر ہوں۔
جمشید دستی / عدالت