کامیابی کے دعوے جھوٹے، فیصلہ عوام کریں گے: توکل ورک
واربرٹن (نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے رہنما چودھری توکل اللہ ورک نے کہا ہے کہ سیاست و اقتدار کے اس حمام میں سب ننگے ہیں۔ کوئی بڑا چور ہے اور کوئی چھوٹا تاہم فیصلہ عوام کے ہاتھ میں ہے کہ آئندہ انتخابات میں کس کو ووٹ دیا جائے۔ وہ آج قومی اسمبلی حلقہ 136میں اپنے کاغذات جمع کرانے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ چالیس سالہ سیاست میں انہوں نے حلقہ کے عوام کی جو خدمت کی ہے وہ سب کے سامنے ہے۔ سوئی گیس، ڈیجیٹل ٹیلی فون سڑکوں جیسے منصوبے ان کے دور میں ہی مکمل ہوئے مگر حیران کن امر یہ ہے کہ اس کے بعد نہ سڑکیں بنیں اور نہ ہی حلقہ میں عوام کو بجلی کی سہولیتیں میسر آ سکیں۔ طویل عرصہ خاموشی کے بعد دوبارہ انہوں نے پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی طرف سے انتخاب میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔