سیالکوٹ سٹالینز کو شکست....فیصل آباد وولفز نے سپرایٹ ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ جیت لیا
لاہور (سپورٹس رپورٹر) فیصل آباد ولفز نے دفاعی چیمپئن سیالکوٹ سٹالینز کو شکست دیکر قومی ٹی ٹونٹی سپر ایٹ ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ فیصل آباد نے سیالکوٹ ٹیم کو 36 رنز سے مات دی۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے سپر ایٹ ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں فیصل آباد وولفز کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ مقررہ 20 اوورز میں فیصل آباد کی ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے جس میں کپتان مصباح الحق اورآصف علی کے درمیان چوتھی وکٹ کی شراکت میں 79 رنز کی ناقابل شکست پارٹنر شپ نے ٹیم کی میچ میں گرفت مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ کپتان مصباح الحق نے 25 گیندوں پر 2 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 38 (ناٹ آﺅٹ) آصف علی نے 49 گیندوں پر 6 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 70 ناٹ آﺅٹ رنز بنائے۔ دیگر کھلاڑیوں میں خرم شہزاد نے 30 نمایاں رنز بنائے۔ باﺅلنگ میں عمید آصف، شعیب ملک اور رضا حسن نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ 159 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سیالکوٹ سٹالینز کی ٹیم کا آغاز اچھا نہ رہا۔ 10 کے سکور پر اس کے تین کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ شکیل عنصر 4، علی خان 3 اور عمید آصف بغیر کوئی رن بنائے آﺅٹ ہوئے۔ سیالکوٹ کی چوتھی وکٹ منصور امجد کی گری وہ صرف 3 رنز بنا سکے۔ 89 کے سکور پر سیالکوٹ کی پانچویں وکٹ ایاز تصور کی گری، انہوں نے 28 رنز بنائے۔ احسان عادل بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں آصف علی کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہو گئے۔ کپتان شعیب ملک 40 کے انفرادی سکور پر احسان عادل کے ہاتھوں کلین بولڈ ہو گئے۔ عدیل ملک کوئی رن بنائے بغیر پویلین لوٹ گئے۔ سیالکوٹ کی پوری ٹیم 122 کے سکور پر ڈھیر ہو گئی۔ احسان عادل اور اسد علی نے تین تین کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ آصف علی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ٹورنامنٹ کے اختتام پر فاتح ٹیم فیصل آباد وولفز کو 25 لاکھ روپے کیش انعام کے ساتھ ٹرافی دی گئی جبکہ رنر اپ سیالکوٹ سٹالینز کی ٹیم کو 10 لاکھ روپے کے ساتھ ٹرافی انعام میں دی۔