• news
  • image

قومی بیس بال ٹیم کی ایشیائی رینکنگ میں بہتری لانا اولین ترجیح ہے: شوکت جاوید

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان بیس بال فیڈریشن کے صدر شوکت جاوید نے کہا ہے کہ اولین ترجیح قومی ٹیم کی ایشیائی رینکنگ میں بہتری لانا ہے۔ حکومت کھیل کے میدان اور فنڈز مہیا کرئے تو اس بات میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان بین الاقوامی کھیلوں میں دنیا کی تمام ٹیموں کو شکست دے سکتا ہے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نام نہاد سپورٹس پالیسی ہم پر زبردستی لاگو کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ اور سی ڈی اے کے اختلافات کی وجہ سے اسلام آباد میں بین الاقوامی بیس بال سٹیڈیم کے لیے مختص زمین پر کوئی ڈیویلپمنٹ کا کام نہیں ہو سکا ہے۔ سابق وزیر اعلٰی پنجاب میاں شہباز شریف کے مشکور ہیں کہ انہوں نے گذشتہ سال پاکستان بیس بال کے لیے خصوصی فنڈز جاری کیے اور لاہور میں بیس بال سٹیڈیم بنانے کا بھی وعدہ کیا۔ شوکت جاوید کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے اگر کھلاڑیوں کو کھیل کے مواقعے فراہم کیے جائیں تو بہتر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ پاکستان بیس بال فیڈریشن کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ سال بھر میں زیادہ سے زیادہ کھیلوں کے مقابلے کرائے جائیں تاکہ نئے کھلاڑی سامنے آسکیں۔ فنڈز کی کمی کی وجہ سے بھی یہ کھیل اتنی ترقی پر نہیں پہنچ سکا ہے۔

epaper

ای پیپر-دی نیشن