کراچی جانے والی 22انچ قطر کی گیس پائپ لائن دھماکے سے تباہ‘ سپلائی معطل
جعفر آباد (آن لائن)کراچی جانے والی 22انچ قطر کی گیس پائپ لائن علاقہ ملگزار میں دھماکے سے تباہ ہوگئی جس کے بعد کراچی کو گیس کی سپلائی معطل ہوگئی ہے۔ ترجمان سوئی نادرن کے مطابق سسٹم میں 190ملین کیوبک فٹ کا شارٹ فال پیدا ہوگیا ہے جس کے باعث فیصل آباد، ملتان، جھنگ، بہاولپور اور دیگر علاقوں کو سی این جی نہیں ملے گی، گیس پائپ لائن کی مرمت کیلئے ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں۔ ترجمان کے مطابق ٹیکسٹائل سیکٹر اور دیگر انڈسٹری کو بھی گیس نہیں ملے گی۔ اس سے قبل بلوچستان میں بجلی کے چار ٹاوروں کو دھماکہ خیز مواد سے اڑانے سے صوبے کے 16اضلاع میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی تھی ۔ ترجمان نے بتایا کہ بختیار آباد کے مقام پر متاثر ہونے والے بجلی کے کھمبوں کی مرمت کا کام شروع کیا گیا ہے جبکہ چھتر کے علاقے میں متاثر ہونے والے کھمبوں کی مرمت کا کام سکیورٹی کلیئرنس کے بعد شروع کیا جائے گا۔بلوچستان کے تیس اضلاع میں سے مکران ڈویژن کے تین اضلاع گوادر، پنجگور اور کیچ کو ایران سے بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔