• news

این آئی سی ایل کیس : امین فہیم سمیت 6 ملزموں کے وارنٹ گرفتاری ۔۔ 12 اپریل کو پیش کرنے کا حکم

کراچی (نیٹ نیوز) انٹی کرپشن کی وفاقی عدالت نے این آئی سی ایل کیس کی سماعت کے دوران پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر مخدوم امین فہیم سمیت 6 ملزموں کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے ہیں۔ عدالت نے حکم جاری کیا ہے کہ ایف آئی اے تمام ملزموں کو گرفتار کرکے 12 اپریل کو عدالت پیش کیا جائے۔ فیڈرل اینٹی کرپشن کورٹ کے جج ثناءاللہ غوری نے سابق سیکرٹری کامرس سلمان غنی، امین قاسم دادا، جاوید سید، خالد انور اور امین حسین کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے ہیں۔ ملزموں کے خلاف کروڑوں کی کرپشن کے الزامات ہیں۔ اطلاعات کے مطابق انکے یہ وارنٹ گرفتاری عدالت میں پیش نہ ہونے پر جاری کئے گئے ہیں۔این این آئی کے مطابق ہالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امین فہیم نے کہا کہ ملازمتوں کی فروخت میں اگر ہمارے کسی بندے نے رشوت لی ہے تو اس کی صفائی کروں گا اور خبر بھی لوں گا۔ این آئی سی ایل کیس جب تک ثابت نہیں ہوتا تب تک بےگناہ ہیں اب تو یہ سیاسی کیس بن گیا ہے، ہمارے وکیل کو بولنے نہیں دیا جاتا، ضلع میں پی پی کے نمائندے سے مقابلہ کرنے کے لئے مخالفین پی پی کو چھوڑ کر مقابلہ کریں تو انہیں طاقت کا اندازہ معلوم ہوجائے گا،سابقہ حکومت کی مدت میں اپنے حلقہ میں غیرموجودگی اور لوگوں کے کام نہ کرنے کی شکایت پر مخدوم امین فہیم نے ٹال مٹول سے کام لیتے ہوئے کہا کہ ہر کسی نے اپنے طریقے سے کام کرنے کی کوشش کی، پی پی حکومت کے خلاف شروع سے ہی خاتمے کے لئے پروپیگنڈا کیا گیا، حکومت نے قانونی طور اقتدار کی پانچ سالہ مدت پوری کی ۔

ای پیپر-دی نیشن