• news

عام انتخابات کیلئے سازگار ماحول کی فراہمی میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے : کھوسو


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) نگران وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو نے کہا ہے کہ ملکی استحکام کیلئے صاف شفاف منصفانہ و غیر جانبدارانہ انتخابات ناگزیر ہیں نگران حکومت کو ذمہ داریوں کا مکمل ادراک ہے، ساز گار ماحول کی فراہمی کے سلسلے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ عالمی برادری سے باہمی احترام اور اعتمادکی بنیاد پر خوشگوار تعلقات کے فروغ کیلئے کاوشیں جاری رہیں گی قومی دفاع کے حوالے سے مسلح افواج کی پیشہ وارانہ صلاحےت پر پوری قوم کو فخر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین سینٹ سینیٹر نیئر حسین بخاری، وزارت خارجہ کی بریفنگ اور چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل محمد آصف سندھیلہ کی ملاقات میں کیا۔ چیئرمین سینٹ نیئر حسین بخاری نے وزیراعظم کو ایوان بالا میں قانون سازی کے متعلق اہم امور کے بارے میں بریفنگ دی۔ سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی اور دیگر حکام نے نگران وزیراعظم کو قومی مفادات کے تحفظ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات اور کاوشوں سے آگاہ کیا اور پاکستان کی امریکہ، بھارت، یورپی یونین، مسلم ممالک اور مختلف علاقائی اور بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ تعلقات کے ضمن میں پالیسی سے آگاہ کیا گیا۔ نگران وزیراعظم کو امور خارجہ پر چیلنجز کے متعلق بریفنگ دی گئی۔ پاک بحریہ کے سربراہ سے ملاقات میں نگران وزیراعظم نے پاکستان کی سمندری حدود کے دفاع کے سلسلے میں بحریہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ نیول چیف ایڈمرل آصف سندھیلہ نے نگران وزیراعظم کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ 

ای پیپر-دی نیشن