توانائی بحران، دوہرا تعلیمی نظام ختم، زرعی ٹیکس لگائیں گے، ایم کیو ایم کا منشور
کراچی (نوائے وقت نیوز) متحدہ قومی موومنٹ نے انتخابی منشور کا اعلان کر دیا، ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو بااختیار بنایا جائے گا جبکہ وڈیروں اور جاگیرداروں کی زرعی آمدنی پر ٹیکس لگایا جائے گا، بلدیاتی انتخابات منشور کا اہم حصہ ہے، جنہیں ہم منعقد کرانے کی پوری کوشش کرینگے، مدارس کو قومی سطح پر تعلیمی اداروں کی صف میں لایا جائے گا، سرکاری سکولوں کو اپ گریڈ کرکے دوہرا تعلیمی نظام ختم کرینگے، اردو میڈیم، سرکاری تعلیمی اداروں کو انگریزی تعلیمی اداروں کی سطح پر لائیں گے اور لائبریریوں کو فروغ دیا جائے گا، تعلیم میں اساتذہ کی تربیت پر خصوصی دھیان دیا جائے گا، ایم کیو ایم لوگوں کو صحت کا بنیادی حق بھی فراہم کرے گی جبکہ سماجی اور معاشرتی ترقی پر خصوصی دھیان دیا جائے گا، پی آئی اے، ریلوے، پاکستان سٹیل سمیت تمام اداروں کو مستحکم کرینگے اور ان اداروں میں ایماندار لوگ تعینات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا ایم کیو ایم موروثی سیاست کو ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے، عوام کو بااختیار بنایا جائے۔ سماجی اور معاشی ترقی پر خصوصی دھیان دیا جائے گا، ہمارے منشور کا نعرہ بااختیار عوام ہے، سماجی اور معاشرتی ترقی پر خصوصی دھیان دیا جائے گا، روزگار، سرمایہ کاری، قومی پیداوار میں اضافہ کریں گے، توانائی کا بحران ختم کریں گے، خواتین کو مکمل نمائندگی دی جائے گی، تعلیم میں اساتذہ کی تربیت پر خصوصی دھیان دیا جائے گا، صحت کی بنیادی سہولت سب کو دی جائے گی، ادویات کی قیمتوں میں کمی کی جائے گی، غریب عوام تک ادویات کی رسائی آسان بنائی جائے گی، چھوٹے سرمایہ کاروں کو چھوٹے قرضے دئےے جائیں گے، ٹیکس کے نظام کو شفاف بنائیں گے۔ قبل ازیں کراچی سٹی کورٹ کے احاطے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ پیسے کی ریل پیل ختم ہونے تک نظام درست نہیں ہو گا، موروثی سیاست قائم رہی تو ملک کو نقصان ہو گا۔ انہوں نے کہا متحدہ ہمیشہ عوام کی عدالت میں جانے کیلئے تیار رہتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے امیدواروں نے مختلف حلقوں سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں جنہیں کلیئرکر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا اس مرتبہ چوروں کو الیکشن نہیں لڑنے دیں گے۔