فاسٹ باﺅلر محمد عرفان کی گھر آمد، رشتے داروں نے ہار پہنائے، مٹھائی بانٹی گئی
بورے والا (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان کے معروف فاسٹ بولر اور دنیا کے بلند قامت کھلاڑی محمد عرفان ساﺅتھ افریقہ کے خلاف کرکٹ سیریز کھیلنے کے بعد آج کل آبائی علاقے وہاڑی کی تحصیل بورے والا کے ایک نواحی قصبے میں اپنے گھر والوں کے ساتھ چھٹیاں گزار رہے ہیں، گھر میں بہن بھائی اور رشتہ دار ان سے ملنے پہنچے۔ والدین کا کہنا ہے وہ اپنے بیٹے کی کارکردگی سے مطمئن ہیں، محمد عرفان کی پرفارمنس پر اس کے گھر والے اور رشتہ داروں نے انہیں ہار پہنائے جبکہ مٹھائی سے سب کا منہ بھی میٹھا کرایا گیا۔ گھر میں موجود بچوں کا کہنا ہے وہ بھی بڑے ہو کر کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں، کوئی فاسٹ بولر بننا چاہتا ہے تو کوئی کرکٹر۔ محمد عرفان کی اہلیہ سعدیہ کا کہنا ہے کہ وہ زیادہ تر محمد عرفان کے پسند کے سیاہ رنگ کے کپڑے پہنتی ہیں۔ ان کے مطابق عرفان ان کیلئے جنوبی افریقہ سے کافی تحائف لائے ہیں، وہ زیادہ خوش اس لئے ہیں ان کے شوہر کی کارکردگی کافی بہتر رہی جس کیلئے انہوں نے کافی دعائیں مانگی تھیں۔ سعدیہ کے مطابق ان کے شوہر محمد عرفان جب بیرون ملک ہوتے ہیں تو وہ انہیں بہت یاد کرتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے عرفان گراﺅنڈ میں جانے سے پہلے ہر بار اپنی والدہ اور ان سے ٹیلی فون پر ضرور بات کرتے ہیں۔ محمد عرفان کے اہل خانہ کا کہنا ہے پاکستان جنوبی افریقہ کے ساتھ فائنل میچ تو نہ جیت سکا لیکن محمد عرفان نے اپنی عمدہ کارکردگی سے پاکستانی عوام کے دل ضرور جیتے۔