پاکستان اور بھارتی پنجاب کے درمیان کبڈی میچ رواں ماہ ہونگے
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور بھارتی پنجاب کی کبڈی ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز رواں ماہ کے وسط میں پاکستانی پنجاب کے تین شہروں میں ہوگی۔ پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن نے بھارتی پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن کے ساتھ معاملات طے کرنے کے بعد وزارت داخلہ سے کلیئرنس کی اجازت مانگ لی۔ پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری پروفیسر ظفر گجر نے بتایا کہ دونوں ملکوں کی صوبائی ایسوسی ایشن کے درمیان طے پایا کہ تین تین میچوں کی سیریز کا انعقاد کرایا جائے اس سلسلہ میں بھارتی پنجاب ایسوسی ایشن نے اپنی ٹیم کو پاکستان بھجوانے کے لئے اپنی وزارت خارجہ سے اجازت طلب کر رکھی ہے۔ ہم نے اپنی وزارت داخلہ کو خط لکھا ہے کہ کلیئرنس دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کہ اس سلسلہ میں بھارتی پنجاب کی ٹیم پہلے پاکستان کا دورہ کرے گی جس کے میزبان شہروں کے لئے مشاورت کی جا رہی ہے۔