• news
  • image

الیکشن شفاف ہوئے تو دہشت گردوں کی شکست یقینی ہے: منور حسن

کراچی (ثناءنیوز) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سید منور حسن نے کہا ہے کہ پارٹیاں بدلنے والے تبدیلی نہیں لاسکتے ‘ جماعت اسلامی کی دیانتدار قیادت ہی ملک کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے ‘ شفاف الیکشن ہوئے تو دہشتگردوں کی شکست یقینی ہے۔ ان کے لئے یہ آخری الیکشن ثابت ہوگا۔ کراچی میں ووٹ ڈالنے والا نگاہوں میں آجاتا ہے پھر جو کچھ ہوتا ہے وہ کسی سے مخفی نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نور حق میں کراچی پریس کلب کے نومنتخب عہدیداروں کے اعزاز میں دئےے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ظہرانے میں کراچی پریس کلب کے صدر امتیاز فاران ‘ سیکرٹری عامر لطیف‘ گورننگ باڈی کے ارکان اور دیگر سینئر صحافی بھی موجود تھے۔ ظہرانے سے جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی‘ کراچی کے امیر محمد حسین محنتی‘ سیکرٹری نسیم صدیقی‘ مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف‘ جماعت اسلامی کراچی کے سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری نے بھی خطاب کیا۔ جماعت اسلامی کے رہنماﺅں نے ادارہ نور حق آمد پر پریس کلب کے عہدیداران کا خیرمقدم کیا۔ وفد کے ارکان کو قرآن مجید کا نسخہ بھی پیش کیا گیا۔ سید منور حسن نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ حالات میں میڈیا نے اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے انجام دیا ہے ‘ وہ صحافی مبارک باد کے مستحق ہیں جنہوں نے حق اور سچ کی آواز پر لبیک کہا اور سچائی کو اپنا شیوہ بنایا ہے‘ یوں تو الیکشن کمشن اور عدلیہ بھی اپنی ذمہ داریاں نبھا رہی ہے مگر میڈیا کی ذمہ داری کو ویٹو حاصل ہے ہم الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا سے توقع کرتے ہیں کہ وہ سچائی کا ساتھ دیں گے۔
منور حسن

epaper

ای پیپر-دی نیشن