• news

الیکشن ملتوی نہیں ہو سکتے، آنیوالی حکومت زیادہ جمہوری، مستحکم ہو گی: عزیزالرحمن چن

لاہور (سیف اللہ سپرا) پیپلز پارٹی پنجاب کے نائب صدر حاجی عزیزالرحمن چن نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ ایک عوامی جمہوری حکومت نے بغیر کسی آمر کی چھتری کے پانچ سال مکمل کئے۔ اس دور میں اگرچہ عوام کے مسائل پوری طرح حل نہیں ہوئے مگر میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان صحیح سمت میں چل پڑا ہے اور آنے والے دنوں میں عوام کو انصاف ملے گا۔ ملک میں قانون کی حکمرانی ہو گی۔ اب آمریت کے بت پاش پاش ہو گئے ہیں۔ اب کسی کی ڈکٹیشن نہیں چل سکتی۔ اور ہر سیاسی جماعت اپنے فیصلے خود کر سکتی ہے۔ ایران کے ساتھ گیس کا معاہدہ عوام کے مفاد میں کیا گیا ہے۔ یہ صدر آصف علی زرداری کا بہت بڑا کارنامہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں روزنامہ نوائے وقت، دی نیشن اور وقت نیوز کے زیراہتمام ایوان وقت میں الیکشن 2013ءنگران حکومت اور شفاف انتخابات کے تقاضے کے موضوع پر منعقدہ ایک نشست میں کیا۔ انہوں نے کہا مرکز اور چاروں صوبوں میں نگران سیٹ اپ مکمل طور پر غیرجانبدار ہے اور سارے معاملات آئین کے مطابق طے ہوئے ہیں۔ نگران سیٹ اپ کا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں۔ اس کا کام صرف انتخابات کرانا ہے۔ اور یہ سیٹ اپ شفاف انتخابات کرانے میں کامیاب ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پانچ سال اپنے اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلی ہے۔ جہاں تک آئندہ انتخابات کا تعلق ہے تو کسی جگہ پر ہمارے اتحادی ہمارے ساتھ مل کر الیکشن لڑ رہے ہیں اور کسی جگہ پر اپنی اپنی جماعت کے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے انتخابات کے نتیجے میں بننے والی حکومت جمہوری اور مضبوط ہو گی اور عوام کے مفاد میں کام کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن مقررہ تاریخ 11مئی 2013ءکو ہی ہوں گے۔ اب ملتوی نہیں ہو سکتے کیونکہ پوری قوم انتخابات کا انعقاد مقررہ تاریخ پر ہی چاہتی ہے۔ ملک اب الیکشن کے التوا کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ میرے خیال میں الیکشن کے التوا کے سازش کہیں نہیں ہو رہی۔ مولانا فضل الرحمن کے اس بیان کہ گیس معاہدے کمیشن کے لئے ہو رہے ہیں پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسی کوئی بات نہیں۔ صدر آصف علی زرداری نے ایران کے ساتھ گیس کا معاہدہ کیا ہے تو پوری قوم کے سر فخر سے بلند ہو گئے ہیں جب ایران سے گیس آئے گی تو گیس کا بحران ختم ہو جائے گا۔
عزیزالرحمن چن

ای پیپر-دی نیشن