انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کا بینظیر بھٹو کیس کی ازسرنو سماعت کا فیصلہ
راولپنڈی (آئی این پی) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کی آمد کے باعث بینظیر بھٹو قتل کیس کی از سر نو سماعت کا فیصلہ کرلیا‘ پرویز مشرف کا الگ ٹرائل کرنے کی درخواست خارج کردی۔پیر کو یہاں انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے بے نظیر قتل کیس کی سماعت کے دوران کیس کی روزانہ سماعت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے فیصلہ دیا کہ سابق صدر پرویز مشرف سمیت کیس میں نامزد ملزمان پر دوبارہ فردجرم عائد کی جائے گی۔ بینظیربھٹو قتل کیس میں اب تک 25 گواہوں کے بیانات ریکارڈ ہو چکے ہیں لیکن پرویزمشرف کی وطن واپسی کی وجہ سے تمام گواہوں سے دوبارہ بیانات لئے جائیں گے اور فریقین کے وکلا ان سے جرح بھی کریں گے۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے پراسیکوٹر چودھری ذوالفقار نے کیس میں پرویز مشرف کا الگ ٹرائل کرنے کی درخواست میں دی جو عدالت نے مسترد کردی۔کیس کی سماعت 8 اپریل تک ملتوی کردی گئی۔