• news

11اضلاع میں انٹرنیٹ فیکس کی سہولت نہیں دے سکتے، پی ٹی سی ایل کی الیکشن کمشن سے معذرت

اسلام آباد (راجہ عابد پرویز/ خبرنگار/ نوائے وقت نیوز) ملک کے دور دراز کے 11اضلاع میں انٹرنیٹ اور فیکس کی سہولت دینے کے لئے پی ٹی سی ایل نے الیکشن کمشن سے معذرت کر لی ہے۔ ان اضلاع میں بیشتر کا تعلق بلوچستان سے ہے۔ کمیونی کیشن نہ ہونے کی وجہ سے الیکشن کمشن کو ایسے اضلاع سے رابطہ اور ڈیٹا ٹرانسفر کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ الیکشن کمشن ذرائع کے مطابق الیکشن کمشن نے ان اضلاع میں پی ٹی سی ایل کو خصوصی انتظامات کرنے کی استدعا کی تھی تاکہ وہاں سے ڈیٹا کی ترسیل کو تیز تر بنایا جا سکے مگر پی ٹی سی ایل نے وہاں مطلوبہ نیٹ ورک نہ ہونے کی وجہ سے الیکشن کمشن کو ایسی سہولیات دینے سے انکار کر دیا ہے۔ الیکشن کمشن ذرائع کے مطابق اس کے باوجود الیکشن کمشن نے متبادل ذرائع کا بندوبست کر لیا ہے اس لئے کام میں رکاوٹ نہیں آئے مگر ہو سکتا ہے کہ اس میں کچھ وقت زیادہ لگے۔ علاوہ ازیں الیکشن کمشن کی ویب سائٹ ٹریفک زیادہ ہونے کے باعث بند ہو گئی جسے چند گھنٹوںکے بعد بحال کر دیا گیا۔ نوائے وقت نیوز کے مطابق ڈی جی الیکشن کمشن کے مطابق ویب سائٹ ٹریفک زیادہ ہونے کے باعث پی ٹی سی ایل نے بند کی۔ علاوہ ازیں الیکشن کمشن کی ویب سائٹ کو بیک وقت ہزاروں لوگ فون کرنے لگے ہیں۔ الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں کے نامزدگی پیپرز ویب سائٹ پر اپ لوڈ ہونے کے ساتھ ہی 60 ہزار سے زائد لوگ بیک وقت ویب سائٹ کو وزٹ کرنے لگے جس سے ویب سائٹ دو گھنٹے تک انتہائی سلو (آہستہ) ہو گئی، الیکشن کمشن نے مختلف شکایات ملنے پر فوری طور پر نادرا سے رابطہ کیا، نادرا نے الیکشن کمشن کو بتایا کہ سسٹم میں میموری کی کمی کی وجہ سے یہ مسئلہ پیش آیا ہے، الیکشن کمشن نے پی ٹی سی ایل سے ویب سائٹ کی میموری بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا اسے کم از کم ایک لاکھ وزٹرز کے قابل بنا دیا جائے۔ دوسری طرف الیکشن کمشن نے امیدواورں کے نامزدگی پیپرز کو اپ لوڈ کرنا شروع کر دیا۔
پی ٹی سی ایل معذرت

ای پیپر-دی نیشن