• news
  • image

300 سے زائد مجاہدین دراندازی کیلئے تیار ہیں‘ بھارت کا الزام....امریکہ اور برطانیہ کی اسلام آباد اور کابل میں تناﺅ کم کرنے کیلئے کوششیں

سرینگر + نئی دہلی + لندن (آن لائن + ثناءنیوز) بھارت نے آئندہ چھ ماہ کے دوران مقبوضہ کشمیر میں مجاہدین کی سرگرمیاں اور دراندازی بڑھنے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے ایک بار پھر الزام دوہرایا ہے کہ پاکستان میں 300 سے زائد مجاہدین دراندازی کے لئے تیار بیٹھے ہیں۔ سرینگر سمیت وادی بھر میں لائن آف کنٹرول پر اضافی فورسز تعینات کر دی گئی ہیں۔ سردیوں کے دوران خالی کی گئی فوجی چوکیوں کو پھر سے متحرک کر دیا گیا۔ دفاعی ذرائع نے آنے والے چھ ماہ کے دوران سرحد پار سے جنگجوﺅں کی دراندازی میں تیزی آنے سے متعلق خفیہ اطلاعات موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر میں مقیم مختلف مجاہدین گروپوں کے کمانڈر دراندازی کیلئے کوشاں ہیں۔ دوسری جانب امریکہ اور برطانیہ نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتے ہوئے تناﺅ کو کم کرنے کیلئے کوششیں شروع کر دی ہیں اور دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے خلاف بیان دینے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی اور برطانوی اعلی قیادت نے پاکستان اور افغانستان کے حکام سے کہا ہے کہ وہ عوامی سطح پر ایک دوسرے پر تنقید سے گریز کریں تا کہ دونوں ممالک کے درمیان جاری تناﺅ میں کمی آسکے۔ امریکہ کوخدشہ ہے کہ پاکستان، افغان تناﺅ سے امریکی فوجوں کے افغانستان سے انخلا کا عمل متاثر ہو سکتا ہے۔ امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے دورہ افغانستان میں صدر حامد کرزئی اور اعلی افغان حکام پر کشیدگی کے خاتمے کے لئے اقدامات کرنے پر زور دیا جبکہ برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے صدر آصف علی زرداری اور افغان صدر حامد کرزئی کو فون کر کے پاکستان اور افغانستان میں مفاہمت کی فضا پیدا کرنے سے متعلق بات چیت کی۔
بھارتی الزام

epaper

ای پیپر-دی نیشن