ایل پی جی کی قیمت میں ساڑھے گیارہ روپے کلو کمی
لاہور (نیوز رپورٹر)عالمی مارکیٹ میں کمی کے رجحان کے باعث پاکستان میں ایل پی جی کی قیمتوں میں 11.50 روپے فی کلوگرام کمی کر دی گئی ہے جس کے بعد گھریلو سلنڈر کی قیمت 134 روپے اور کمرشل سلنڈر میں 515 روپے کمی ہو گئی ہے۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمت میں 78 ڈالر کمی کے بعد قیمت 895 ڈالر سے کم ہو کر 817 ڈالر فی میٹرک ٹن پر آ گئی۔ پاکستان کا سب سے بڑا ایل پی جی پیداواری ادارہ PARCO نے قیمت میں 11368 روپے فی میٹرک ٹن کمی کر دی ہے۔ اپریل 2013ءکی قیمت 90578 روپے فی میٹرک ٹن مقرر کر دی گئی ہے۔ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے کہا ہے کہ قیمت میں کمی کے بعد اب ایل پی جی پٹرول اور ڈیزل سے 55 فیصد سستی ہو گی۔ ایل پی جی ایک سستا فیول ہے اور سی این جی کے بحران سے نجات کے لئے ایل پی جی کو پروموٹ کرنا لازم ہے، کمی خوش آئند ہے۔ راولپنڈی، اسلام آباد، مری، اٹک، مپرپور، جہلم، بہاولپور، رحیم یار خان، ملتان میں 110 روپے فی کلو اور گھریلو سلنڈر 1270 روپے، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، گجرات میں 105 روپے فی کلو اور گھریلو سلنڈر 1210 روپے، کراچی 100 روپے فی کلو اور گھریلو سلنڈر 1150 روپے ہو گیا۔
ایل پی جی / سستی