کراچی میں فائرنگ، کانسٹیبل سمیت 5 جاں بحق، ٹارگٹڈ آپریشن 50 گرفتار
کراچی (کرائم رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور دیگر واقعات میں کانسٹیبل سمیت 5 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ پولیس اور رینجرز نے کئی علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران 4 دہشت گردوں سمیت 50 افراد کو بھاری اسلحہ اور گولہ بارود سمیت گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق نامعلوم افراد نے کراچی میں لسبیلہ پولیس چوکی پر فائرنگ کرکے ایک اہلکار کو قتل اور دو کو شدید زخمی کر دیا اور فرار ہو گئے۔ دریں اثنا کھارادر کے علاقے بانٹوا گلی میں ایک شخص کو سر میں گولیاں مار کر ہلاک کر دیا گیا جس کی نعش پولیس نے گلی میں پڑی دیکھ کر ہسپتال پہنچائی لیاری کے علاقے موسیٰ لین میں فائرنگ کرکے ایک شخص کو ہلاک کردیا گیا اسی طرح اتحاد ٹاﺅن میں معمر شخص کو گلا کاٹ کر قتل کر دیا گیا۔ ادھر پولیس ا ور رینجرز نے الیاس گوٹھ، انگارہ گوٹھ، ناتھا خان گوٹھ، پی آئی جی کالونی، شاہ فیصل کالونی اور اتحاد ٹاﺅن میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی لے کر 39 مشتبہ جرائم پیشہ افراد اور ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرکے بھاری اسلحہ، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان برآمد کر لیا جبکہ گارڈن، رام سوامی رنچھوڑ لائن، میمن سوسائٹی، گارڈن، شاہ بیگ لین میں بیریئر اور رکاوٹیں ہٹا دی گئیں۔ ادھر سی آئی ڈی پولیس نے شیریں جناح کالونی اور بوٹ بیسن میں کارروائی کرکے کالعدم تنظیم کے 4 مشتبہ دہشت گردوں مجید عمران، معراج اور بختیار کو گرفتار کرکے ان سے 50 کلو دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا اس کے علاوہ منگھو پیر میں کالعدم تنظیم کے 6 مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے ان سے دھماکہ خیز مواد، راکٹ لانچر، رپیٹر 6 دستی بم برآمد کر لئے گئے یہ پولیس کو کئی وارداتوں میں مطلوب تھے۔