باصلاحیت کرکٹ کھلاڑیوں کا ملنا اب دشوارہے:عامر سہیل
لاہور(سپورٹس ڈیسک )پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عامر سہیل کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کرکٹ کے کھیل میں ٹیلنٹ کا فقدان ہے اور ماضی میں جس طرح کے کھلاڑی پاکستان کو مل جاتے تھے اب ایسے کھلاڑیوں کا ملنا دشوار ہو گیا ہے۔ٹیلنٹ کی کمی ہی کے سبب پاکستان کی کرکٹ ٹیم جنوبی افریقہ میں اچھی کارکردگی نہ دکھا پائی۔ ارباب اختیار سر جوڑ کر بیٹھیں اور ٹیم کی خامیاں دور کرنے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کریں۔ ایسی وکٹیں تیار کی جائیں کہ پاکستانی کرکٹرز دوسرے ملک میں جا کر ناکام نہ ہوں، کرکٹ کے ڈھانچے کو درست کرنے کی بھی سخت ضرورت ہے۔ یونس خان کو تیس کھلاڑیوں میں شامل کرنا چاہیے تھا۔ کلب کرکٹ میں کمی باصلاحیت کھلاڑیوں کے اس قحط کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ کرکٹ کلبز ہی ایسی جگہ تھی جہاں کھلاڑیوں کو آغاز ہی سے مقابلے سے بھر پور کرکٹ ملتی تھی جس سے ان کی خامیاں شروع ہی سے دور ہو جاتی تھیں۔کلب کرکٹ ہی کم نہیں ہوئی سکولوں اور کالجز میں بھی اب پہلے کی طرح کرکٹ نہیں ہو رہی اور چونکہ گراس روٹ کی سطح پر اچھی اور زیادہ کرکٹ نہ ملنے کے سبب وہ سیکھ نہیں رہے ہیں۔