• news

لاہور لائنز کی ٹی ٹونٹی سپر ایٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں شکست پر تحقیقات شروع

لاہور (سپورٹس رپورٹر) لاہور سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر خواجہ ندیم احمد نے قومی ٹی ٹونٹی سپر ایٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں لاہور لائنز کی فیصل آباد کے ہاتھوں 2 رنز سے ہونے والی شکست پر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلہ میں تین رکنی کمیٹی بنا دی گئی ہے جو تمام معاملات کا جائزہ لینے کے بعد اپنی سفارشات ڈسپلنری کمیٹی کو پیش کرے گی۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تمام معاملات کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے انکوائری کمیٹی کے کسی بھی نتیجے پر پہنچنے سے قبل کچھ نہیں کہا جا سکتا ہے۔ ٹی ٹونٹی سپرایٹ ٹورنامنٹ لاہور لائنز کی ٹیم کی بڑی اچھی پوزیشن تھی اچانک میچ میں ٹیم اپنا ردھم کھو بیٹھی۔ لاہور کی ٹیم میں کپتانی کا کوئی ایشو نہیں ہے اگر ایسا ہوتا تو لاہور لائنز کی ٹیم قومی ون ڈے ٹورنامنٹ کی فاتح نہ ہوتی۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کی ترقی کے لئے اقدامات بروئے کار لا رہا ہے۔ چیئرمین پی سی بی ذکاءاشرف سے ملاقات ہوئی تھی، انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ گراس روٹ لیول پر کھیل کی ترقی کے لئے وہ تمام ریجنز کو سپورٹ کرینگے۔ بطور صدر تین سال مکمل ہونے پر ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ کے معاملات میں بہتری لانے کے لئے یہ عرصہ بہت کم ہے کیونکہ عرصہ دراز سے کرکٹ میں بہتری کے لئے کچھ نہیں کیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے تینوں ریجنز کی حمایت اور سپورٹ حاصل ہے اس لئے نئے انتخابات میں بھی حصہ لوں گا۔ تین سالوں میں گراس روٹ لیول پر کرکٹ کی ترقی کے لئے جتنا کام کیا ہے کئی باصلاحیت کھلاڑی منظرعام پر آئے ہیں اب سلیکشن کمیٹی کا فرض ہے کہ انہیں قومی ٹیم میں نمائندگی دے۔ 

ای پیپر-دی نیشن