• news

بابائے مزدور تحریک جناب بشیر احمد خان بختیار (مرحوم)

 بابائے مزدور تحریک بشیر احمد خان مرحوم تقسیم پاک و ہند کی مزدور تحریک کے بانیوں میں سے تھے۔ انہوں نے وی وی گری سابق صدر ہندوستان‘ مرزا ابراہم اور ڈاکٹر ایم اے خطیب جیسے اہم مزدور رہنماﺅں کے ہمراہ مزدور تحریک کو منظم کیا۔ تقسیم ہند سے قبل انہوں نے مختلف شعبوں کی ٹریڈ یونیوں بمع پوسٹل‘ ٹیلی فون‘ ٹیکسٹائل اور بجلی کے محنت کشوں کو منظم کرنے میں اہم کردار سرانجام دیا۔
2۔ تقسیم ہند سے قبل انہوں نے پاکستان کی آزادی اور اس کے قیام کے مقصد کی تکمیل کےلئے محنت کشوں سے مل کر بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا ساتھ دیا۔ ان کی مخلصانہ خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے قائداعظم محمد علی جناح نے انہیں پنجاب اسمبلی کا ٹکٹ دیا۔ تقسیم پاک وہند کے وقت انہوں نے مسلمانوں کی ہجرت کو محفوظ بنانے کے لئے امرتسر میں اہم کردار سرانجام دیا اور خود سب سے آخر میں لاہور ہجرت کی۔
 3۔ مرحوم نے نہایت پرخلوص اور سادہ زندگی بسر کی اور اکثر اوقات لنڈے بازار کے کوٹ لیکر گزارہ کرتے رہے۔ انہوں نے پاکستان میں محنت کشوں کو آل پاکستان فیڈریشن آف ٹریڈیو نینز اور محنت کشوں کی تمام فیڈریشنوں کو ”جوائنٹ لیبرکونسل“ کے جھنڈے تلے منظم کیا۔ ”جوائنٹ لیبر کونسل“ نے مورخہ 17 مارچ 1969ءکو ملک بھر میں ہڑتال کی جو ایوب خان صدر پاکستان کے استعفیٰ کا سبب بنی۔
4۔ مرحوم نے واپڈا و محکمہ بجلی کے محنت کشوں کی سب سے بڑی ٹریڈ یونین کو منظم کیا۔ وہ محنت کشوں کو ایک جھنڈے تلے منظم و متحد کرکے آجروں و حکومت سے باہمی مذاکرات سے مسائل حل کراتے رہے تاکہ سماج میں جناب حضور اکرم کے ارشاد کے مطابق محنت کشوں کو خدا کے حبیب کا درجہ ملے۔ انہوں نے محنت کشوں کے رضا کارانہ عطیات سے لاہور کے مرکز میں بختیار لیبرہال کے نام سے عظیم الشان عمارت تعمیرکروائی۔ جس میں کارکنوں کے اجلاس اور باہر سے آئے ہوئے مندوبین کے لئے مفت رہائش اور بچوں کے لئے چھ ماہ کا کمپیوٹر ڈپلومہ کورس کی تعلیم وتربیت کا مفت انتظام ہے۔ ان کی وفات کے بعد ان کی تنظیم نے ان کے نام سے منسوب مختلف شہروں میں لیبر ہال کارکنوں کی فلاح وبہبود کےلئے تعمیر کرائے ہیں۔
اللہ تعالی انہیں محنت کشوں کی خدمات کے صلہ میں جوار رحمت میں جگہ دے اور محنت کشوں کو متحد ہو کر موجودہ جاگیرداری و سرمایہ داری نظام کا خاتمہ کرکے پاکستان کو مثالی اسلامی فلاحی جمہوری اور مساوات محمدی پر مبنی مملکت تعمیر کرانے میں کامیا ب فرمائے۔ آمین!
مورخہ 3 اپریل 2013ءملک کا محنت کش طبقہ بابائے مزدور تحریک جناب بشیر احمد خان بختیار (مرحوم) کی 20ویں سالانہ برسی کی سادہ اور پروقار تقریب بختیار لیبر ہال لاہور کے باہر منعقد کریں گے جس میں تمام ملک سے محنت کشوں کے نمائندگان اور کارکن شرکت کرکے سماج میں محنت کی عظمت‘ سربلندی اور محنت کشوں کی گونا گوں مشکلات حل کرانے اور ان کے مشن کی تکمیل کے لئے جدوجہد کو کامیاب کرنے کا بھرپور اظہار کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن