• news

شاہ رخ جتوئی کی قتل کیس سیشن کورٹ میں منتقل کرانے کیلئے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست

کراچی (نوائے وقت نیوز + وقائع نگار + ثناءنیوز) شاہ زیب قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی نے مقدمہ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت سے سیشن عدالت میں منتقل کرانے کیلئے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی جبکہ خصوصی عدالت نے ملزم کو جیل میں بی کلاس دینے کا حکم دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق ملزم شاہ رخ جتوئی نے گزشتہ روز سندھ ہائیکورٹ میں دائرکردہ درخواست میں موقف اختیار کیا کہ وہ آسٹریلیا میں زیر تعلیم ہے اور کوئی عادی مجرم ہے نہ کسی کالعدم تنظیم کا رکن ہے درخواست گزار کو پہلے کسی مقدمے میں سزا ہوئی نہ وہ کبھی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث رہا اس کے خلاف مقدمہ انسداد دہشت گرد ایکٹ کا نہیں بلکہ عام قتل کیس ہے اس لئے اس کی سماعت خصوصی عدالت کی بجائے سیشن کورٹ میں کرنے کی استدعا کی جائے۔ دریں اثنا انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کراچی نے شاہ زیب قتل کیس کی سماعت آج تک کیلئے ملتوی کر دی اور شاہ رخ جتوئی سمیت 3 ملزموں کو جیل میں بی کلاس فراہم کرنے کی استدعا منظور کر لی گزشتہ روز سماعت کے دوران ملزم کے وکیل شوکت زیدی نے دوبارہ وکالت نامہ عدالت میں جمع کرایا۔

ای پیپر-دی نیشن