ذوالفقار علی بھٹو کی 34 ویں برسی آج منائی جائے گی
لاہور+ اسلام آباد (خبر نگار+ آئی این پی+ اے پی پی) پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو کی 34ویں برسی آج ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منائی جائے گی، ملک بھر سے قافلے گڑھی خدا بخش پہنچ گئے۔ گذشتہ روز صدر زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے الگ الگ بھٹو کی قبر پر حاضری دی، پارٹی کے مرکزی رہنماﺅں نے بھی حاضری دی۔ سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ دریں اثناءملک بھر میں قرآن خوانی کی محافل، تقریبات اور سیمینار ہوں گے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی آج جمعرات سے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کرے گی۔ دریں اثناءصدر زرداری نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ آئندہ عام انتخابات میں آزادانہ اور بے خوف ہو کر اپنے نمائندے منتخب کریں اور اس طرح سازش کے ذریعے اقتدار کی منتقلی کے آسیب کا راستہ بند کردیں جس کے لئے ذوالفقار علی بھٹو نے اپنی پوری زندگی جدوجہد کی۔ یہ بات انہوں نے ذوالفقار علی بھٹو کے 34ویں برسی کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہی۔ انہوں نے کہا ہم عوام کے منتخب نمائندوں کو کسی دھاندلی سے اقتدار کی منتقلی کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ذوالفقار علی بھٹو کے سیاسی فلسفے کی تجدید بھی ہے کہ بالآخر فتح عوام کی ہوگی۔ آج کے دن کی مناسبت سے جمہوریت پسند عوام پر زور دیا کہ وہ خود کو جمہوریت کے بلند تصورات کے لئے ازسر نو وقف کر دیں۔