نثار کی اسناد درست قرار‘ ایچ ای سی نے مزید 25 سابق ارکان کی ڈگریوں کی تصدیق کردی
لاہور +اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+نامہ نگار + نوائے وقت نیوز) کیمرج یونیورسٹی نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما چودھری نثار علی خان کی او لیول اور اے لیول کی ڈگریوں کو درست قرار دے دیا۔ بدھ کوذرائع کے مطابق چودھری نثار نے اپنی او لیول اور اے لیول کی ڈگریاں تصدیق کےلئے برٹش کونسل کے ذریعے کیمرج یونیورسٹی کو بھجوائی تھیں۔ کیمرج یونیورسٹی نے ان کی ڈگریوں کو درست قراردے دیا۔ اس سلسلے میں کیمرج یونیورسٹی کی انٹر بورڈ کمیٹی نے تصدیقی لیٹر جاری کر دیا ہے جبکہ اس کی ایک کاپی ہائر ایجوکیشن کمشن (ایچ ای سی) کو بھی بھجوا دی گئی۔ ایچ ای سی کے ترجمان نے تصدیقی لیٹر موصول ہونے کی تصدیق کر دی۔ واضح رہے کہ چودھری نثار نے الیکشن کمشن کی جانب سے ڈگری کی تصدیق کیلئے جاری خط پر بھی اعتراض کیا تھا اور تاحال انہوں نے اپنی ڈگریوں کی تصدیق کیلئے الیکشن کمشن سے رابطہ نہیں کیا تاہم اب ان کی میٹرک اور انٹر بورڈ کی تعلیمی اسناد کے ساتھ او اور اے لیول کی تعلیمی اسناد کی تصدیق بھی ہو گئی ہے۔ علاوہ ازیں ہائر ایجوکیشن کمشن نے مزید 25 سابق ارکان اسمبلی کی ڈگریوں کی تصدیق کر دی۔ ایچ ای سی کو چاروں ریجنل سنٹرز سے رپورٹس موصول ہو گئیں۔ ذرائع کے مطابق صمصام بخاری‘ محمود ایاز‘ افراسیاب خٹک‘ نرگس فیض ملک کی ڈگریاں شامل ہیں۔ ابھی 161 ارکان اسمبلی کی ڈگریوں کی تصدیق ہونا باقی ہے۔ دوسری طرف ہائر ایجوکیشن کمشن نے ڈگریوں کی تصدیق کیلئے پنجاب یونیورسٹی کو خط لکھ دیا۔ ہائر ایجوکیشن کمشن کے چیئرمین نے پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو 98 سابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کی ڈگریوں کی جانچ پڑتال کے لئے خط لکھا ہے۔ جن سابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کی تصدیق کے لئے یہ خط لکھا گیا ہے ان میں جاوید ہاشمی، بلال یاسین‘ ثمینہ گھرکی‘ چودھری نثار‘ اسلم مڈھیانہ، ڈاکٹر سعید الٰہی، سینیٹر کامران مائیکل‘ محمد اقبال چنڑ‘ ثناءاللہ مستی خیل، شیخ علا¶ الدین، حنیف عباسی، قاسم ضیا، جمال خان لغاری، آمنہ الفت، سردار سیف کھوسہ، طاہرہ اورنگزیب، ندیم خادم، غزالہ سعد رفیق اور دیگر کے نام شامل ہیں۔ خط میں لکھا گیا ہے کہ 98 ڈگریوں کی جانچ پڑتال کر کے 4 اپریل تک رپورٹ دی جائے جبکہ رپورٹ الیکشن کمشن اور سپریم کورٹ بھی بھیجی جائے۔