• news

شاہ زیب قتل کیس، گواہ نے شاہ رخ جتوئی سمیت 4 ملزموں کو شناخت کر لیا

کراچی (این این آئی + نوائے وقت نیوز) شاہ زیب قتل کیس کے عینی شاہد نے ملزموں شاہ رخ جتوئی اور سراج تالپور کو شناخت کرلیا۔ ملزم غلام مصطفی لاشاری کی جانب سے سماعت دوروز کے لیے ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کردی گئی۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں شاہ زیب قتل کیس کی سماعت شروع ہوئی تو سراج تالپور کے ملازم ملزم غلام مصطفی لاشاری نے عدالت میں درخواست دائر کی کہ اپنے وکیل اکبر خان سے مطمئن نہیں ہے اور اپنا وکیل تبدیل کرنا چاہتا ہے اور اس کے لئے اس کے والد دو روز بعد کراچی آئیں گے لہذا سماعت دو روز کے لیے ملتوی کی جائے اس درخواست پر عدالت نے سماعت دو گھنٹے تک ملتوی کرنے کے بعد درخواست کو مسترد کرتے ہوئے نعمت اللہ ایڈووکیٹ کو اس کا وکیل مقرر کردیا اور گواہ محمد احمد کو طلب کیا جہاں محمد احمد نے چاروں ملزموں کو شناخت کیا اور عدالت کو بتایا کہ شاہ رخ اور سراج تالپور نے شاہ زیب پر فائرنگ کی تھی گواہ نے احاطہ عدالت میں مقتول شاہ زیب کی گاڑی کو بھی شناخت کیا جبکہ عدالت نے تفتیشی افسر سے بھی رپورٹ طلب کی۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ کہ بااثر ملزموں کی جانب سے مقدمے کے گواہوں کو دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ جس طرح ولی بابر کیس کے گواہوں کو قتل کیا گیا ایسی ہی دھمکیاں شاہ زیب قتل کیس کے گواہوں کو بھی مل رہی ہیں۔ تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ ایک گواہ محمد احمد زبیری کے والد اسد زبیری کو کے ای ایس سی سے برطرف کرنے کی دھمکی دی گئی اور سچ کی خاطر اسد زبیری نے کے ای ایس سی کے اہم عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ دوسری طرف ملزمان کی جانب سے سماعت میں تاخیری حربے استعمال کئے جارہے ہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن