انڈر 19، جونیئر ٹیموں کو غیرملکی دوروں پر بھجوانے پر غور شروع
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے مستقبل میں نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی میچز کا تجربہ دلانے کے لئے انڈر19 اور جونیئر ٹیموں کو غیرملکی دوروں پر بھجوانے کے پروگرام پر غور شروع کر دیا ہے۔ چیف سلیکٹر قاسم اقبال نے چیئرمین پی سی بی ذکاءاشرف کے ساتھ لاہور میں ملاقات کے بعد اس بات پر زور دیا تھا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ نہ ہونے کی وجہ سے ہمارے نئے ٹیلنٹ کو اپنی صلاحیتوں کا موقع نہیں مل رہا ہے پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیف سلیکٹر کے مشورہ کو قبول کرتے ہوئے مستقبل میں نوجوان کھلاڑیوں کو غیرملکی دوروں پر بھجوانے کی حامی بھر لی ہے۔ پاکستان انڈر 19 ٹیم رواں سال انگلینڈ کا دورہ کرے گی جبکہ پاکستان جونیئر ٹیم کے لئے ویسٹ انڈیز کے دورہ کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔