• news

یونس خان چیمپئنز ٹرافی سے ڈراپ ہونے کے باوجود کیریئر جاری رکھنے کیلئے پرعزم

کراچی (آن لائن) قومی سلیکشن کمیٹی نے اسٹار بیٹسمین یونس خان کوآئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے30 ممکنہ کھلاڑیوں سے ڈراپ کرکے ان کے ون ڈے کیریئر پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے لیکن کیریئر جاری رکھنے کیلئے پُرعزم وہ بھی ہتھیار ڈالنے کو تیار نہیں، یونس پچاس اوورز کی کرکٹ سے کنارہ کش ہونے کے بجائے اس ہفتے ڈیپارٹمنٹل ون ڈے ٹورنامنٹ پریذیڈنٹ کپ میں قسمت آزمائیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے یونس خان کو سنٹرل کنٹریکٹ بھی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف سلیکٹر اقبال قاسم کہتے ہیں کہ یونس خان کو ڈراپ کرنے کا مقصد یہ نہیں ہے کہ ان کی ون ڈے کرکٹ ختم ہوگئی ہے۔ وہ بیٹنگ فارم دکھائیں انہیں ٹیم میں جگہ مل سکتی ہے۔ دریں اثناءآئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لئے پاکستان ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کے اعلان سے قبل سلیکٹرز نے براہ راست یونس خان کو اعتماد میں نہیں لیا تھا تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک اعلیٰ افسر نے فون کرکے یونس خان کو اطلاع دے دی تھی کہ سلیکٹرز انہیں آرام دینا چاہتے ہیں۔ حبیب بینک سپورٹس ڈویژن کے کرکٹ کنسلٹنٹ عبدالرقیب نے میڈیا کو بتایا کہ یونس خان اور شاہد آفریدی ون ڈے ٹورنامنٹ میں حصہ لیں گے۔ 

ای پیپر-دی نیشن