• news
  • image

امن و امان اور شفاف انتخابات اولین ترجیح ہے: نگران وزیر داخلہ

اسلام آباد (آئی این پی) نگران وزیر داخلہ ملک حبیب خان نے کہا ہے کہ وزارت داخلہ کے تمام ادارے باہمی رابطوں کو مزید مضبوط بنائیں‘ ملک میں امن و امان کا قیام اور شفاف انتخابات نگران حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اس ضمن میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی‘ نگران وزیراعظم کی طرف سے دی گئی گائیڈ لائن پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔ وہ وزارت داخلہ میں اپنی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد اعلیٰ حکام سے تعارفی اجلاس میں خطاب کررہے تھے۔ قبل ازیں وزارت داخلہ پہنچنے پر نگران وزیر داخلہ کا وفاقی سیکرٹری داخلہ خواجہ صدیق اکبر سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے خیر مقدم کیا۔ وزیر داخلہ کا تمام افسران سے تعارف کرایا گیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ سکیورٹی ادارے اپنے رابطوں کو مضبوط بنا کر ملک سے دہشت گردی اور جرائم کا خاتمہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ وزارت داخلہ اور الیکشن کمشن کے درمیان بھی رابطوں کو فروغ دیا جائے اور الیکشن کمشن کی طرف سے دیئے گئے احکامات پر من و عن عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ کے تمام اداروں کی روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی مانیٹر کی جائے گی۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ملک حبیب خان نے کہا کہ میری پہلی ترجیح 11مئی کے انتخابات کےلئے امن وامن کی صورتحال کو بہتر بنانا ہے ، سب سے پہلے بلوچستان کا دورہ کرونگا ، وزیراعظم کی پالیسی کے تحت بلوچستان میں قوم پرستوں سے بھی ملاجائے گا ، تمام بڑے قومی لیڈروں کو آزاد انتخابی مہم چلانے کےلئے ضروری سکیورٹی مہیا کر کے تحفظات کو دور کرینگے، نئے پاسپورٹ کے حصول میں درپیش مسائل ہنگامی طور پر دور کرینگے۔
نگران /وزیر داخلہ

epaper

ای پیپر-دی نیشن