مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال جاری‘ شدید جھڑپ‘ غیر قانونی گرفتاریوں کیخلاف اسمبلی میں ہنگامہ
سرینگر(آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں کی گرفتاریوں کیخلاف احتجاج کا سلسلہ جاری‘ شوپیاں اور دیگر علاقوں میں چوتھے روز بھی ہڑتال‘ کاروباری مراکز‘ تعلیمی ادارے بند‘ پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں‘ ریاستی اسمبلی میں بھی غیرقانونی گرفتاریوں کیخلاف ہنگامہ آرائی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں چار کشمیری نوجوانوں کی پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتاری کیخلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ شوپیاں اور سوپور سمیت کئی علاقوں میں مکمل شٹر ڈاﺅن ہڑتال رہی جس کے باعث کاروباری مراکز‘ تعلیمی ادارے‘ سرکاری و غیر سرکاری دفاتر بند اور گاڑیوں کی آمدورفت ٹھپ ہوکر رہ گئی۔ کئی علاقوں میں مشتعل مظاہرین اور سکیورٹی فورسز کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی ہیں۔ فورسز کی جانب سے ہوائی فائرنگ اور آنسو گیس کے گولے فائر کئے گئے۔ ممبر اسمبلی یوسف تاریگامی نے ریاستی اسمبلی کے اجلاس میں حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوانوں کی گرفتاریاں غیرقانونی ہیں اور حکومت ریاست کے حالات خراب کررہی ہے۔