ٹیسٹ‘ ون ڈے‘ ٹی ٹونٹی میچز کیلئے ”نوبال“ کا نیا ضابطہ اخلاق جاری
لاہور (سپورٹس رپورٹر) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں با¶لرز کے لئے نیا ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے جس کا اطلاق 30 اپریل سے ہوگا۔ نئے ضابطہ اخلاق کے تحت جب بھی کسی باولر کی وجہ سے نان سٹرائیکر اینڈ کی وکٹ گر جائے گی تو اسے نوبال قرار دیا جائے گا جبکہ ماضی میں اس بال کو ڈیڈبال قرار دیا جاتا تھا۔ آئی سی سی کا نیا ضابطہ اخلاق 30 اپریل سے لاگو ہو جائے گا جبکہ 3 مئی کو بلوائیو میں زمبابوے اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے ون ڈے میچ سے نئے قانون کا اطلاق ہوگا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے مارچ میں منعقد ہونے والی چیف ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں ان سفارشات کی منظوری دی تھی۔ ایم سی سی نے پہلے ہی اس بات کا فیصلہ کر رکھا تھا کہ یکم اکتوبر 2013ءسے اس کا اطلاق ہوگا۔ تاہم آئی سی سی نے ایم سی سی کی سفارشات پر پہلے سے عمل درآمد کا آغاز کرتے ہوئے نئے قانون کا اطلاق 30 اپریل سے لاگو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آئی سی سی جنرل منیجر جیف الرڈیک کا کہنا ہے کہ ایم سی سی کے نئے قوانین کا اطلاق یکم اکتوبر سے ہونا ہے تاہم ان پانچ مہینوں میں کئی اہم انٹرنیشنل ایونٹس کا بھی انعقاد ہونا ہے جس میں آئی سی سی چیمیپیئنز ٹرافی بھی شامل ہے۔ واضح رہے کہ آئی سی سی نے اس قانون پر کافی عرصہ سے غور شروع کر رکھا تھا جب انگلینڈ کے فاسٹ باولر سٹیفن فن کے باولنگ کرتے ہوئے ان کی ٹانگ سے نان سٹرائیک اینڈ کی وکٹ گر جاتی تھی اس تمام صورتحال سے امپائر اور میچ ریفری کو سخت دشواری کا سامنا رہتا تھا۔ امپائرز اس تمام صورتحال میں بال کو ڈیڈ بال قرار دینا شروع ہو گئے تھے نئے قانون کے تحت اب یہ ڈیڈ بال نو بال ہوا کرے گا۔