نیشنل ویمن کرکٹ چیمپئن شپ زرعی ترقیاتی بینک‘ ایچ ای سی‘ اسلام آباد‘ سیالکوٹ کی ٹیمیں کامیاب
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ ویمن ونگ کے زیراہتمام 8 ویں نیشنل ویمن کرکٹ چیمپئن شپ کے افتتاحی روز چار میچوں کا فیصلہ ہو گیا۔ زرعی ترقیاتی بنک، ایچ ای سی، اسلام آباد اور سیالکوٹ کی ٹیموں نے اپنی اپنی حریف ٹیموں کو شکست سے دوچار کر دیا۔ پہلا میچ جم خانہ کرکٹ گرا¶نڈ باغ جناح میں زرعی ترقیاتی بنک اور لاہور ریجن ویمن ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں زیڈ ٹی بی ایل ٹیم نے 206 رنز کے وسیع مارجن سے کامیابی حاصل کی۔ اس میچ میں زیڈ ٹی بی ایل ٹیم نے 5 وکٹوں پر 304 رنز بنائے جس میں بسمہ معروف نے 80، جویریہ خان نے 69، رابعہ شاہ نے 51 اور ندا ڈار نے 51 رنز بنائے۔ 305 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور ریجن کی ٹیم 98 کے سکور پر ڈھیر ہو گئی۔ دوسرا میچ ایچ ای سی اور ملتان ریجن کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں ایچ ای سی نے 93 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ ایچ ای سی نے پہلے کھیلتے ہوئے 6 وکٹوں پر 249 رنز بنائے۔ سدرہ امین 79 اور عالیہ ریاض 56 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ جواب میں ملتان کی ٹیم 156 پر آوٹ ہو گیا۔ تیسرا میچ کنٹری کلب مریدکے میں کھیلا گیا جس میں اسلام آباد نے پی کے بی کو 72 رنز سے مات دی۔ اس میچ میں اسلام آباد کی ٹیم نے 152 رنز بنائے جواب میں پی کے بی ٹیم 80 پر آوٹ ہو گئی۔ چوتھا میچ بھی کنٹری کلب مریدکے میں کھیلا گیا جس میں سیالکوٹ ٹیم نے 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ اس میچ میں ایبٹ آباد کی ٹیم 79 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی جواب میں سیالکوٹ ٹیم نے 80 رنز کا ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔