کرم ایجنسی : پاکستانی چوکی پر افغان دہشت گردوں کا جوابی حملہ‘ کارروائی میں پانچ ہلاک‘ اورکزئی میں بمباری 10 شدت پسند جاں بحق
کرم ایجنسی + اورکزئی (آن لائن + اے ایف پی + بی بی سی) لوئر کرم ایجنسی کے علاقے علی کرم میں واقع پاکستانی چیک پوسٹ پر افغان دہشتگردوں کے حملے میں تین سکیورٹی اہلکار زخمی ہو گئے جبکہ جوابی کارروائی میں 5 حملہ آور مارے گئے اور 6 زخمی ہوگئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق جمعرات کی صبح ساڑھے پانچ بجے کے قریب افغانستان کے سرحدی علاقے سے شدت پسندوں نے سکیورٹی فورسز کی بھٹی چیک پوسٹ پر بھا ری ہتھیارو ں سے حملہ کیا، سکیورٹی فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی کی جس میں 5 حملہ آور مارے گئے۔ ذرائع کے مطابق دونوں جانب سے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا اور سکیورٹی فورسز نے شدت پسندوں کا یہ حملہ کامیابی سے پسپا کردیا۔ مارے جانے والے حملہ آوروں کی لاشیں کچھ فاصلے پر پائی گئی ہیں جو حملہ آور چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ زخمی ہونے والے سکیورٹی اہلکاروں کو معمولی زخم آئے ہیں جنہیں علاج معالجے کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ علاوہ ازیں لوئر اورکزئی ایجنسی میں سکیورٹی فورسز کی بمباری میں 10 شدت پسند جاں بحق ہو گئے اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں جبکہ دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کر دئیے گئے ہیں۔
حملہ / بمباری