ملتان سے پی پی کے سابق ایم این اے نواب لیاقت علی کا مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان
لاہور (خصوصی رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور حلقہ این اے 152ملتان سے سابق ایم این اے نواب لیاقت علی خان نے مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاو¿ن میں پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف سے ملاقات کی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر انہوں نے جنوبی پنجاب میں گراں قدر ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے پر سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا جنوبی پنجاب میں صحت اور تعلیم کے شعبوں میں جتنی ترقی مسلم لیگ ن کے دور میں ہوئی ہے اتنی پہلے کبھی کسی دور میں نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں بے مثال ترقی کا سہرا محمد شہباز شریف کے سر ہے جنہوں نے جنوبی پنجاب کے عوام کو صحت اور تعلیم کی جدید سہولیات کی فراہمی کے لئے ذاتی دلچسپی لی اور دانش سکول جیسے عالمی معیار کے تعلیمی اداروں میں جنوبی پنجاب کے غریب خاندانوں کے ذہین طلبہ کو اپنی قابلیت اور محنت کے بل بوتے پر آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کئے۔ شہباز شریف نے نواب لیاقت علی خان کی مسلم لیگ ن میں غیر مشروط کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اللہ نے موقع دیا تو پاکستان مسلم لیگ ن میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں برسر اقتدار آکران کے ویژن کے مطابق جنوبی پنجاب میں مزید ترقیاتی کام کرائے گی۔ جنوبی پنجاب کو شاہراہ ترقی پر گامزن کر کے عوام کا معیار زندگی بلند کیا جائے گا۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن ملتان کے رہنما سید جاوید علی شاہ بھی موجود تھے۔