انڈر 16 ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ: پاکستان چائنہ‘ جاپان کو ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا
لاہور (سپورٹس رپورٹر) انڈر 16 ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان ٹیم نے چائنہ اور جاپان کو شکست دے کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ ٹورنامنٹ کے دوسرے روز پاکستان ٹیم نے چائنہ اور جاپان کی ٹیموں کو شکست سے دوچار کر دیا۔ سنگاپور میں منعقد ہونے والے ٹورنامنٹ کے دوسرے روز پہلا میچ پاکستان اور چائنہ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں قومی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ایک کے مقابلے 18 گول سے کامیابی حاصل کی۔ پاکستان کی جانب سے محمد عتیق نے 6، شان ارشاد نے 4، نوہیز زاہد ملک نے 3، جنید کمال، عدیل لطیف، مبشر، جنید منظور اور سکندر مصطفٰی نے ایک ایک گول سکور کیا۔ دوسرا میچ پاکستان اور جاپان کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں پاکستان ٹیم نے چار کے مقابلے سات گول سے کامیابی حاصل کی۔ اس میچ میں محمد عتیق نے2، شان ارشاد، سکندر مصطفٰی، عدیل لطیف، جنید کمال اور جنید منظور نے ایک ایک گول کیا۔ ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم آج مزید دو میچ کھیلے گی جس میں سری لنکا کے خلاف لیگ میچ کے علاوہ سیمی فائنل میچ کھیلے گی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ نے انڈر 16 ٹیم کی کامیابیوں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کھلاڑی اسی طرح اگلے میچز میں بھی محنت کرتے دکھائی دیئے تو پاکستان ٹیم ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہو جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نوجوان کھلاڑیوں کو شروع دن سے سپورٹ کر رہی ہے جس کی وجہ یہی نوجوان کھلاڑی پاکستان ہاکی کا مستقبل ہیں۔ سنگاپور میں کھیلا جانے والے فائیو اے سائیڈ ٹورنامنٹ میں کامیابی کی صورت میں قومی ٹیم انڈر 16 ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کر جائے گی۔