علاقائی سلامتی کے معاملہ میں پاکستان امریکہ کا اہم ترین شراکت دار ہے : جنرل آسٹن
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ ثنا نیوز) امریکی سنٹرل کمانڈ کے نئے سربراہ جنرل لائیڈ آسٹن نے کہا ہے کہ پاکستان علاقائی سلامتی کے معاملہ میں امریکہ کا اہم ترین شراکت دار ہے۔ انہوں نے یہ بات سیکرٹری دفاع لیفٹننٹ جنرل (ر) آصف یاسین کے ساتھ ملاقات میں کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ا ور امریکہ دونوں ایک دوسرے کے قومی مفادات کے حصول کیلئے بہت اہمیت رکھتے ہیں۔ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات ہمیشہ بہترین رہے ہیں اور یہ تعلقات اب بھی درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ سیکرٹری دفاع نے کہا کہ عالمی برادری کے ایک اہم شراکت دار کی حثییت سے پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ پاکستان خطہ میں پائیدار امن کا خواہاں ہے اور اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔ پاکستان کے عوام اور مسلح افواج نے گزشتہ ایک عشرہ کے دوران بہادری سے دہشت گردی کی لعنت کا مقابلہ کیا ہے۔ امریکی کمانڈر نے پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں کو تسلیم کیا اور انہیں سراہا۔ پاکستان میں امریکہ کے سفیر رچرڈ اولسن بھی اس ملاقات کے دوران موجود تھے۔ علاوہ ازیں جنرل خالد شمیم وائیں اور جنرل کیانی سے جنرل لائیڈ ملاقات میں افغانستان سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان موجود عسکری تعاون کے میکنزم کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
جنرل آسٹن