بنگلہ دیش،لاکھوں افرادکا لانگ مارچ،بلاگرزکو پھانسی کا مطالبہ
ڈھاکہ(این این آئی)بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میںلاکھوں افرادنے ایک احتجاجی ریلی نکالی اور سیکولر بلاگرز کو پھانسی دیے جانے کا مطالبہ کیا ۔ یہ افراد لانگ مارچ کرتے ہوئے دارالحکومت پہنچے۔ بنگالی میڈیاکے مطابق ہفتہ کو ہونے والا یہ مظاہرہ سیکولر حلقوں اور بڑی اسلامی پارٹی جماعتِ اسلامی کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو ظاہر کرتا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈھاکہ کی ریلی میں شرکا کی تعداد ایک لاکھ تھی۔ وہ اللہ اکبر اور سیکولر بلاگرز کو پھانسی دو کے نعرے لگا رہے تھے۔ منتظمین نے اس ریلی کو لانگ مارچ قرار دیا اور انہوں نے شرکا کی تعداد پانچ لاکھ سے زائد بتائی ہے۔ متعدد افراد دور دراز کے دیہات سے سفر کر کے اس میں شریک ہوئے۔ اس ریلی کا اہتمام حفاظت اسلام نامی ایک مذہبی گروہ نے تیرہ نکاتی اپنے مطالبے کی حمایت میں کیا، جس میں توہین مذہب کا قانون بنانے کا مطالبہ بھی شامل ہے۔ سیکولر حلقوں نے جمعے کو22 گھنٹے طویل ملک گیر ہڑتال کی کال دی تھیِ۔ جس کے بعد مخالف گروپوں کے درمیان تصادم کے ڈر سے نجی ٹرانسپورٹ بند کر دی گئی تھی۔