عراق : انتخابی جلسے میں خودکش دھماکہ‘ 32 جاں بحق‘ 80 زخمی
بعقوبہ (این این آئی) عراق میں انتخابی جلسے کے دوران خودکش حملے میں 32افراد ہلاک اور 80 سے زائد زخمی ہوگئے۔ہلاک وزخمیوں کو فوری طور پرمقامی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ واقعہ کے فورا بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید شدت پسندوں کی تلاش شروع کردی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق دارالحکومت بغداد سے60کلو میٹرشمال میں واقع بعقوبہ شہرمیں صوبائی انتخابی مہم کے دوران امیدواراحمد عبدالواحد کے سپورٹر لنچ ٹائم پرایک پبلک میٹنگ میں جمع تھے کہ ایک شدت پسند نے وہاں موجود لوگوں پرگرنیڈ پھینکا اوراس کے فورا بعد ان کے درمیان موجود خودکش حملہ آورنے خود کو دھماکے سے اڑادیا جس کے نتیجے میں 32سے زائد افراد ہلاک جبکہ 80 کے قریب زخمی ہوگئے۔ہلاک وزخمیوں کو فوری طور پرمقامی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ واقعہ کے فورا بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید شدت پسندوں کی تلاش شروع کردی ۔یاد رہے کہ صوبہ دیالا کے صدرمقام بعقوبہ سب سے زیادہ پرتشدد شہررہا ہے، گزشتہ برس بھی اس شہر میں 560 افراد مختلف واقعات میں مارے جاچکے ہیں۔عراق میں صوبائی کونسل کے انتخابات 20 اپریل کو منعقد ہوں گے۔عراق میں آخری پارلیمانی انتخابات مارچ 2010 میں منعقد ہوئے اورامریکی انخلا کے بعد یہ پہلے انتخابات ہوں گے۔