الیکشن ملتوی کرنے کا کوئی جواز نہیں: خورشید شاہ
کراچی(آن لائن) پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ الیکشن ملتوی کرنے کا کوئی جواز نہیں، پیپلز پارٹی ایسی کسی تجویز یا مطالبے کی کسی صورت حمایت نہیں کرے گی، ایم کیو ایم کے رہنما حیدر عباس رضوی نے کہا ہے کہ الطاف حسین نے الیکشن ملتوی کرنے کا مطالبہ نہیں کیا تجویز دی ہے۔ نجی ٹی وی پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے سید خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ چیلنجز کا سامنا کیا ہے، پیپلز پارٹی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی عادی ہوگئی۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ اٹھارہ کروڑ عوام سے زیادہ مینڈیٹ نہیں رکھتی ، جمہوریت میں سب سے بڑی ٹرانسپرنسی یہ ہی ہے کہ سیاستدان عوام کے پاس جاتا ہے اور عوام احتساب کرتے ہیں۔ حیدر عباس رضوی نے کہا کہ سیاسی جماعتیں متفق ہوں تو الیکشن ایک ماہ کیلئے ملتوی کئے جاسکتے ہیں الیکشن کی گہما گہمی نظر نہیں آرہی۔ ریٹرننگ افسران امیدواروں کا تمسخر اڑا رہے ہیں پاکستان میں امن وامان کی صورتحال بھی ڈھکی چھپی نہیں ہے۔