پاکستان سرائیکی پارٹی کے سربراہ تاج محمد خان لنگاہ انتقال کر گئے
ملتان/ لاہور ( خبرنگار +آن لائن+ نوائے وقت نیوز) پاکستان سرائیکی پارٹی کے سر براہ بیرسٹر تاج محمد خان لنگاہ اتوار کی صبح سات بجے دل کا دورہ پڑے سے انتقال کرگئے۔ انہیں دورہ پڑتے ہی ملتان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے اور خالق حقیقی سے جاملے۔مرحوم کی عمر73 سال تھی ۔مرحوم کی میت ان کے آبائی گاﺅں چھوگ لنگاہ بستی پائیاں لودھراں لے جائی گئی جہاں نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد انہیں سپردخاک کر دیا گیا۔ مرحوم ذوالفقار علی بھٹو کے قریبی ساتھی اور زیڈ اے بھٹو ہی ان کو برطانیہ سے1966 ءمیں پاکستان لائے تھے وطن واپسی پر انہوں نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ۔وہ پپیپلز پارٹی کے ڈپٹی سیکرٹری بھی رہے ۔ دریں اثناءصدر مملکت آصف علی زرداری نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم ایک انتھک اور مخلص سیاست دان سے محروم ہوگئی ہے جبکہ دیگر سیاسی قائدین نے بھی ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پجاب نجم سیٹھی نے پاکستان سرائیکی پارٹی کے سربراہ تاج لنگاہ کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے اور دعا کی کہ اللہ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔ وزیراعلیٰ نے سرسید انجنیئرنگ یونیورسٹی کراچی کے وائس چانسلر زیڈ اے نظامی کے انتقال پر بھی دلی دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا۔ نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) میر ہزار خان کھوسو نے معروف سیاسی رہنما تاج لنگاہ کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے جئے سندھ قومی محاذ (جسقم) کے شہید چیئرمین بشیر قریشی کی پہلی برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کی اور پاکستان سرائیکی پارٹی کے سربراہ تاج لنگاہ اور سرسید یونیورسٹی کے بانی انجینئر زیڈ اے نظامی کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔